خصوصی مہم کے ذریعے مختلف ٹرائلز کے دوران منتخب نوجوان بالروں کی وسیم اکرم کوچنگ کرینگے
دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے نوجوان اور باصلاحیت فاسٹ بالرز متعارف کرانے کی کاوشوں کے سلسلے میں ایل جی الیکٹرانکس نے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے ساتھ نئی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس مہم کا نام ایل جی سپر اسپیڈ اسٹار مہم (LG Super Speed Star Campaign)ہے جس میں قومی سطح پر ملک کے بہترین نوجوان بالرز تلاش کئے جائیں گے۔ اس مہم کا باقاعدہ آغاز پانچ شہروں میں ٹرائلز کے سلسلے کے ساتھ 23 جولائی سے ہوگا۔ ٹرائلز کے دوران منتخب لڑکوں کو پھر کراچی لایا جائے گا اور وہ وسیم اکرم کی سربراہی میں فرسٹ کلاس کے بالروں کے 12روزہ کیمپ میں شامل ہوجائیں گے
ایل جی سپر اسپیڈ اسٹار مہم دو مراحل میں چلائی جائے گی جس کے پہلے مرحلے میں بالروں کے لئے ٹرائل سیریز شامل ہیں ۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے منتخب کردہ کوچز پشاور میں 23 جولائی، میرپور میں 27 جولائی، ملتان میں 29 جولائی، حیدرآباد میں 30 جولائی اور کوئٹہ میں 30اور 31جولائی کو موقع پر ہی نوجوان امیدواروں کا جائزہ لیں گے۔
یہاں سے منتخب بالرزدوسرے مرحلے میں پیش قدمی کریں گے جہاں وہ کراچی میں منعقد ہونے والے صف اول کے فرسٹ کلاس بالرز کے 12روزہ کیمپ میں شمولیت اختیار کریں گے۔ کیمپ میں وسیم اکرم کے ساتھ ذاتی نوعیت کے مختلف تربیتی سیشنز منعقد ہوں گے جو نوجوان بالروں کو مہارت اور اسٹیمنا میں اضافے کے حوالے سے کوچنگ کریں گے۔ اس ضمن میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کراچی میں یومیہ دوسیشنز منعقد کئے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اس پیش رفت کے بارے میں بتایا،' 'نوجوان بالروں کے لئے آگے بڑھنے اور کرکٹ کے ماہرین سے سیکھنے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔ وسیم ہمارے نوجوانوں کے لئے ایک مثالی حیثیت رکھتے ہیں اور اپنے پروگرام میں ان کی شمولیت پر ہم انتہائی پرجوش ہیں۔ ہمارے ساتھ کرکٹ کے فروغ میں شراکت داری کے لئے میں ایل جی کا بھی شکریہ ادا کروں گا۔ ''
ملک کے بہترین نوجوان بالروں کے ساتھ کام کرنے سے متعلق وسیم اکرم کا کہنا تھا، "میں نوجوان لڑکوں کے ساتھ کام کرنے کی امید کرتا ہوں اور اس کیمپ کے انعقاد پر پی سی بی کا مشکور ہوں۔ اس سے مجھے اپنے وطن کا حق لوٹانے کا موقع ملتا ہے۔ ''
ایل جی کے پاکستان برانچ منیجر کیون ہیونگ کم (Keonhyeong Kim)نے کہا ،'' ایل جی نے کرکٹ کے لئے دیرینہ تعاون کیا ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے اور ہم کھیل کی ترقی کے اس نئے موقع کے ذریعے تعاون کے لئے پرجوش ہیں۔ یہ پاکستان کے نئے وسیم اکرم کے لئے آگے بڑھنے اور توجہ حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ ''
یہ پیش رفت ایل جی کمپنی کی جانب سے دنیائے کرکٹ میں اپنی طویل خدمات کی فہرست میں تازہ ترین ہے۔ اس سے قبل ایل جی کی جانب سے 100 عظیم ترین شائقین مہم متعارف کرائی گئی تھی جس میں شائقین کرکٹ کی ہمت افزائی کی گئی کہ وہ کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں میچز سے قبل اپنے جذبات کا اظہار کریں اور ایل جی الیکٹرانکس کی جانب سے اپنے یوتھ کرکٹ پروگرام کے تحت مقابلے میں مخالف ٹیم پر تنقید کرکے 50 ہزار ڈالر (امریکی) مالیت کی جنگ جیتیں۔ واضح رہے کہ پاکستان یہ عالمی مقابلہ جیت چکا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں