ملک بھر میں سیلاب زدگان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے: جنرل راحیل



راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری بھرپور امدادی سرگرمیاں شروع کرنے اور کور کمانڈرز کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے چترال اور ملک بھر میں سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کور کمانڈرز اور فیلڈ کمانڈرز کو بھی متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا کہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی مسلسل چھٹے دن بھی شدید سیلاب سے متاثرہ چترال میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں 16 ٹن راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔ گرم چشمہ‘ کوراکھ اور بمبوریت سے سیلابی پانی میں پھنسے 73 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر پاک فوج کے 2 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں مسلسل مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں کور کمانڈر پشاور نے چترال کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جوانوں کو شاباش دی۔ جنرل ہدایت الرحمان نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں کو شاباش پیش کی۔ اس علاقے میں پاک فوج کے جوان ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں، متاثرین کو فوج کی جانب سے خوراک اور دیگر سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 8 ٹن خوراک فراہم کی گئی ہے۔


0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی