دو کروڑ سے زیادہ آبادی کے شہر میں نو ہزار بڑی بسوں کی ضرورت ہے- میاں زاہد حسین



وزیر اعظم کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنا رہے ہیں،  گرین لائن بس سے ماہانہ ایک کروڑ مسافروں کو ریلیف ملے گا

کراچی (اردو وائس نیوز) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنا رہے ہیں جس پر عوام اور کاروباری برادری انکی شکر گزار ہے۔

کراچی کو کرائمز فری سٹی بنانے کی سنجیدہ کوششیںاور امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے بعدوزیر اعظم کراچی کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مسائل حل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور سترہ ارب روپے کی گرین لائن بس کا افتتاح اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے جس سے عوام کو بین الاقوامی معیار کی ٹرانسپورٹ سروس ملے گی۔اس سروس سے ماہانہ ایک کروڑ افراد کو بہتر سفری سہولیات ملیں گی جس کے اثر سے انکی زندگی کے دیگر پہلو بھی بہتر ہونگے۔

2011 میں کراچی میں بائیس ہزار سے زیادہ منی بسیں تھیں جبکہ امن و امان کی صورتحال کے سبب بڑے پیمانے پر نقل مکانی سے منی بسوں کی تعداد صرف نو ہزار رہ گئی ہیںجو بڑھتی آبادی کیلئے ناکافی ہیں جس سے عوام خصوصاًبزرگ شہریوں اور خواتین کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ٹرانسپورٹ ماہرین کے مطابق طلب و رسد کو متوازن بنانے کیلئے کراچی میں کم از کم نو ہزار بڑی بسوں کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر و ترقی کیلئے بھی جلد از جلد فنڈر مختص کیئے جائیںجبکہ ملیر ایکسپریس وے اور کراچی حیدرآباد موٹر وے کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔

میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کراچی سے سکھر اور ملتان تک موٹر وے کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں جبکہ معیشت بھی ترقی کرے۔شہر میں پانی اور توانائی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے جس نے معیشت کو یرغمال بنا رکھا ہے کیونکہ اس سے عوام کو پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے جبکہ کاروباری برادری بھاری قیمت ادا کرنے پر مجبور ہے۔ 
--

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی