یوفون کا ما ہ رمضان میں سماجی کارکنان کی خدمات کو فروغ دینے کے لئے منفرد اقدام کا اعلان

 

اسلام آباد: رمضان کی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے یوفون نے کاروباری سماجی ذمہ داری کے تحت ایک منفرد اقدام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پسماندہ طبقات کی امداد کی غرض سے مقامی طور پر تین مختلف اقسام کی فلاحی خدمات کو بڑے پیمانے پر عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے گا ۔ اس کی رمضان مہم 2016 کے دوران تین سماجی کارکنوں کی خدمات کو ٹی وی چینلز، اخبارات ، بل بورڈزاور ڈیجیٹل میڈیا پر یوفون کی جانب سے بلامعاوضہ کوریج فراہم کی جائے گی۔ میڈیا پر مفت کوریج کی صورت میں ان سماجی کارکنان کا پیغام بڑے پیمانے پر عوام تک پہنچے گا جس میں عوام سے تعاون کی اپیل کی جائے گی جس کے نتیجے میں مستحق افراد کی مدد فراہم کی جاسکے۔ اضافی طور پر یوفون نے اس مہم کی ترویج کیلئے مواد بھی تیار کیا ہے۔ 

یوفون کی مہم کے تحت ان سماجی کارکنان کے اقدامات میں آپریشن عید چائلڈ ، دیوار مہربانی اور کھانا گھر شامل ہیں۔ آپریشن عید چائلڈ کا آغاز شرمین عزیز ، دیوار مہربانی کا آغاز عمر اور بہرام اور کھانا گھر اقدام کا آغاز پروین سعید نے کیا۔ ان تینوں اقدامات کو انفرادی طور پر سوچا گیا اور ان پر عملدر آمد کیا گیا ۔ یوفون ان اقدامات کو فرو غ دینے کیلئے کردار ادا کر رہا ہے تاکہ عوام کے اندر اس طرح کے منصوبوں کے بارے میں آگہی بڑھے اور زیادہ سے زیادہ لوگ ان منصوبوں میں شریک ہوں۔ 

یوفون کے سی ای او رینر ریتھ گیبر نے بتایا، "ٹیلی کام انڈسٹری اپنی میڈیا ایڈورٹائزنگ، برانڈ پروموشنز اور مشہور شخصیات پر غیرمعمولی طور پر خرچ کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے لیکن 2016 کی اپنی رمضان مہم کی بدولت ہم نے اس پورے ماحول کو تبدیل کردیا ہے کیونکہ ہم وسیع نتائج فراہم والے چھوٹے منصوبوں کو میڈیا پر بلامعاوضہ کوریج فراہم کر رہے ہیں ۔ یوفون کا برانڈ آپ کے لئے ہے اور یہ ادارے اس سوچ کی مناسبت سے مشعل راہ ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری تقلید کرتے ہوئے دیگر کاروباری اداروں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ سماجی مسائل کے حل کے لئے حکمت عملیوں کے ساتھ منظر عام پر آئیں ۔ "

اس مہم کو ماہ رمضان میں متعارف کروانے کا مقصد معاشرے کے پریشان حال اور نچلے طبقے کے عوام کی مدد کرنے کیلئے ناظرین میں جذبہ اُجاگر کرنا ہے تاکہ وہ اپنے طور پر یا پھر ان تین اداروں کی مدد سے معاشرے کے پریشان حال طبقے کی مدد کریں۔یوفون الیکٹرانک میڈیا پر ایک بہت وسیع اشتہاری مہم کے ذریعے ان اقدامات کو فروغ دے رہا ہے تاکہ رحمدلی کا یہ پیغام تمام پاکستانیوں تک پہنچ سکے۔  

یوفون کا کاروباری سماجی ذمہ داری کا شعبہ بدستور معاشرے کی سماجی و معاشی ترقی پر توجہ دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ معاشرتی ترقی کے لئے یہ بغیر کسی مفاد کے کام کرنے والے پرعزم افراد اور اداروں کے ساتھ بھی تعاون کرتا ہے۔ 

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی