فاطمہ فرٹیلائزر کی مارکیٹنگ لیڈ نے کمپین ایشیا کا عالمی چیف مارکیٹئیرایوارڈ جیت لیا

کراچی : فاطمہ فرٹیلائزر کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز رابیل سدوزئی نے کیمپین ایشیا پیسیفک کے باوقار ویمن لیڈنگ چینج ایوارڈز 2023ء کی بزنس کیٹیگری میں چیف مارکیٹئیرایوارڈ (Chief Marketer Award)جیت لیا ہے۔ ویمن لیڈنگ چینج ایوارڈز کا یہ ساتواں سال ہے جس میں ان شاندار خواتین کی کامیابی کو سراہا جاتا ہے جو تمام صنعتوں میں تبدیلی لانے کیلئے آواز اٹھاتی ہیں، چیلنج کرتی ہیں، جدت اختیار کرتی ہیں، رہنمائی فراہم کرتی ہیں، حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور ان کی حمایت کرتی ہیں۔ یہ ایوارڈ انڈسٹری میں تنوع، شمولیت اور مساوات کو فروغ دینے سے متعلق کیمپین ایشیاء پیسفک کے عزم کا بھی اظہار ہے،جس میں تعصب و روایتی تصورات کے باوجود خطے کی کاروباری رہنماؤں، تبدیلی لانے والوں، پہل کرنے اور ابھرتی ہوئی سب سے متاثرکن خواتین کو نمایاں کیا گیا ہے۔




یہ عالمی اعزاز رابیل سدوزئی اور انکی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، قائدانہ صلاحیت اور جدت پر توجہ دینے کا منہ بولتا ثبوت ہے،جن کی کاوشوں سے زرعی شعبے میں فاطمہ فرٹیلائزر کی کامیابی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ چیف مارکیٹئیرکیٹیگری کو اس سال پہلی بار متعارف کرایا گیا، جس میں ایشیا پیسفک سے کئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔ رابیل پاکستان کے زرعی شعبے میں وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے اعلیٰ عہدے پر ذمہ داری سنبھالنے، رکاوٹوں کو توڑنے اور دیگر خواتین رہنماؤں کے آگے بڑھنے کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی قیادت میں متعدد اہم سنگ میل عبور کئے گئے ہیں، جن میں پاکستان کے پہلے کسان ڈے کی تجویز اور اسے کامیابی سے منانا شامل ہے۔یہ ایک ایسا اقدام ہے جسے حکومت پاکستان نے بھی باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا۔ 

مزید یہ کہ،ر ابیل اور انکی ٹیم زراعت کے شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انکی کامیابی کو سراہنے میں بھی سرگرم رہی ہے،جس میں پاکستانی کپاس کی نایاب نسل کی ازسرنو کاشت کاری کے لیے جگنو محسن کی خاکی دیسن کی جستجو، سرسبز کہانی کی ویب سیریز کے ذریعے نازو دھاریجو کی بہادری کی حقیقی داستان، اور  ر ابعہ سلطان کی بطوترقی پسندخاتون کسان کی حیثیت سے تصدیقی مہم جیسے اقدامات سے انکی متاثر کن کہانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ٹیم نے پاکستان بھر میں خواتین کسانوں کی تعلیم اور بااختیاری کو یقینی بنانے کے لئے سرسبز تعبیر جیسے پروگرامز بھی شروع کئے ہیں۔ ٹیم کا قائدانہ کام حقیقی زندگی کے کسانوں، ان کی امیدوں، چیلنجزاور امنگوں کے گرد گھومتا ہے جس کا مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اعتراف کیا گیا ہے۔ 

اس قابل ذکر کامیابی پر رابیل سدوزئی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، '' کیمپین ایشیاء کی طرف سے چیف مارکیٹئیرایوارڈ کا حصول میرے لئے باعث اعزاز ہے۔یہ فاطمہ فرٹیلائزر اور پاکستان کی جیت ہے۔ یہ اعزاز فاطمہ فرٹیلائزر کی پوری ٹیم کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔ مجھے ایک ایسی کمپنی کا حصہ بننے پر فخر ہے جو جدت کی قدر کرتی ہے اور انقلابی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔ میں کیمپین ایشیا ء کی بھی مشکور ہوں جنہوں نے ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم فراہم کیا، جو کاروبار اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں اعلیٰ مہارت کو سراہتا ہے۔''

کیمپین ایشیاء پیسیفک ہانگ کانگ میں واقع ہے جو 1970 کی دہائی میں ایک میڈیا میگزین کے طور پر متعارف ہوا۔ آج یہ برطانیہ کے سب سے بڑے اور خود مختار اشاعتی گروپ،ہیمارکیٹ پبلشنگ (Haymarket Publishing) کا حصہ ہے۔کیمپین ایک خصوصی آن لائن پلیٹ فارم ہے جو ایسے آئیڈیاز اور شخصیات کو سامنے لاتا ہے جن کی بدولت خطے میں مارکیٹنگ اور کمیونکیشنز انڈسٹری پروان چڑھ رہی ہے۔ یہ پلیٹ فارم امریکہ، برطانیہ اور ایشیاء پیسفک ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی اپنی نمایاں پہچان رکھتا ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی