اسلام آباد۔ 5جولائی 2023: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور نیشنل بینک آف پاکستان لمیٹڈ (این بی پی) نے پی ٹی سی ایل کے ٹیئر تھری ڈیٹا سینٹر میں پرائمری ڈیٹا سینٹر کولوکیشن سروسز کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، ضرار ہشام خان اور نیشنل بینک آف پاکستان کے گروپ چیف آئی ٹی جی و سی ٹی او، امین مانجی نے پی ٹی سی ایل زونل آفس کراچی میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کے گروپ چیف ٹیکنالوجی آفیسر جعفر خالد، نیشنل بینک آف پاکستان کے ای وی پی ڈویژنل ہیڈ ،آئی ٹی جی ،نعمان مظفر، گروپ وی پی انٹرپرائز ،پی ٹی سی ایل، بشارت قریشی، گروپ وی پی ڈیٹا سینٹرز ،پی ٹی سی ایل، عمر الیاس، گروپ ڈائریکٹر انٹرپرائز ،پی ٹی سی ایل، عمر فاروقی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت پی ٹی سی ایل نیشنل بینک آف پاکستان کوجدید ترین ٹیکنالوجی اور منظم سیکیورٹی سے لیس جدید انفراسٹرکچر اور پلیٹ فارم سلوشنز فراہم کر ے گا۔
معاہدے کی تقریب کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، ضرار ہشام خان نے کہا ، ’’ہم نیشنل بینک آف پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن وژن کے حصول میں معاونت کرنے پر بہت خوشی محسوس کرتے ہیں۔ پاکستان کی قومی ٹیلی کام کمپنی کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل قومی ڈیجیٹل ایجنڈے کے فروغ کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی سہولیات اپنانے کی کوششوں میں سرکاری اداروں کو معاونت فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔‘‘
اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان کے گروپ چیف، آئی ٹی جی و سی ٹی او ،امین مانجی نے کہا،’’ ہم بینک کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکمت عملی کے تحت انفراسٹرکچر پلیٹ فارم سلوشنز کے لئے ایک قابل اعتماد پارٹنر کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل کے ساتھ معاہدے پر خوش ہیں۔ یہ شراکت داری بنیادی ڈھانچے، پلیٹ فارمز اور ڈیٹا مینجمنٹ کی بہتری کے حوالے سے بینک کے انقلابی اقدامات کا حصہ ہے۔ این بی پی کا مقصد پی ٹی سی ایل کے جدید انفراسٹرکچر اور ٹیلی کمیونی کیشن کی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے بہتر انتظامی فوائد، مضبوط سیکیورٹی اور ڈیٹا کا حفاظتی نظام ترتیب دینے کے علاوہ مصنوعات اور خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے کیونکہ بینک اپنے صارفین اور شراکت داروں کے لیے ڈیجیٹل طور پر ایک مضبوط اور فعال مالیاتی طرز زندگی پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘
پی ٹی سی ایل پاکستان میں مختلف صنعتوں میں اپنے کارپوریٹ صارفین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ معاہدہ آئی سی ٹی اور سیکیورٹی سلوشنز کے متنوع شعبوں میں ترقی کی رفتار کو تیز تر کرنے کے عزم کا حصہ ہے جو پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری نظام کی بنیاد ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں