ڈاکٹر شمشاد اخترنے سی ڈی سی اور ایس ای سی پی کے "سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فار م"کا افتتاح کردیا

نگران وفاقی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اخترنے سی ڈی سی اور ایس ای سی پی کے "سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فار م"کا افتتاح کردیا


کراچی: پاکستان کے مالیاتی منظر نامے میں ایک منفرد اقدام کے طورپر سینٹرلائزڈ گیٹ وے پورٹل کا با ضابطہ افتتاح نگران وفاقی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاداختر اور ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید نے  سی ڈی سی ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ سی ڈی سی نے پی ایس ایکس، ایم یو ایف اے پی، این سی سی پی ایل، آئی اے پی اور پی ایس بی اے سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے اس پلیٹ فارم کا نفاذ کیا ہے۔




سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فارم کا مقصد مالیاتی اداروں اور ان کے صارفین کو آن بورڈ کرنے سے منسلک اخراجات اور پیچیدگیوں کو کم کرکے ان کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فار م کے فیچرز میں KYC/CDDکیلئے جدید ترین ٹولز اورآرٹیفشل انٹیلیجنس (AI)پر مبنی الگورتھم کے ساتھ یکساں، مطابقت پذیر اور جدید ترین KYCاور AML فریم ورک شامل ہیں۔ یہ پلیٹ فارم مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کوباخبر فیصلوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے انڈیکیوٹیو رسک ریٹنگ فراہم کرے گا۔سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فار م تمام ڈیٹا اور دستاویزات کیلئے ایک مرکزی پوائنٹ کے طورپر کام کرے گا جس سے مالیاتی اداروں کو دستاویزات اپنے پاس رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی جس سے ان کی اسٹوریج ضروریات میں کمی آئے گی۔ 
اس موقع پر مہمانِ خصوصی نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہاکہ سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فارم جسے ایک مرکزی سرمایہ کارآن بورڈنگ پلیٹ فارم کے طورپر متعارف کرایا گیا ہے ایس ای سی پی کا ایک بہت اہم اور بروقت اقدام ہے اور سی ڈی سی نے بہترین طورپر اس کا نفاذ کیا ہے۔ ہماری معیشت کیلئے یہ بہت ضروری ہے کہ اہم ایسے نئے تصورات متعارف کرائیں جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے کلچر کو فروغ دیں اور سرمایہ کاروں کو ان کے متعلقہ شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے بغیر کسی پریشانی کے آن بورڈنگ کا ایک معیاری پلیٹ فارم فراہم کریں۔ 
اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعیدنے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کے مالیاتی منظرنامے کیلئے ایک مضبوط آن بورڈنگ پلیٹ فارم کا ہوناایک اہم سنگِ میل ہے۔ ٹیکنالوجی پر مبنی فعال سلوشن، سرمایہ کاروں کی تعلیم اور آگہی اور سیکیوریٹی ایڈوائزرزکے ساتھ ہماری مارکیٹ کی گہرائی اور وسعت میں اضافہ کرے گا۔کیپٹل مارکیٹ میں کامیابی سے نفاذ کے بعد اس پلیٹ فارم کو پورے مالیاتی شعبے تک پھیلایاجاسکتاہے۔ کیپٹل مارکیٹ کے انفرااسٹرکچر اداروں این سی سی پی ایل، سی ڈی سی اور پی ایس ایکس کو ایسے اقدامات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جو ہماری مارکیٹ کو شفاف، متحرک اور مضبوط بنائیں۔ 

اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی بہترین پریکٹسز کے مطابق، سی ڈی سی نے سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فارم کاروبار کرنے میں آسانی فراہم کرنے اور معلومات کے سینٹرلائزڈ سورس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کے کلچرکو فروغ دینے، اسکریننگ اور اس کے بعد اپڈیٹس کے وژن کے ساتھ تیار کیا ہے۔ سی ڈی سی پاکستان کے مالیاتی منظر نامے کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے فعال کردار ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی کارکردگی اور رسائی کو بڑھانے کیلئے سی ڈی سی کے تکینکی پہلوؤں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ 

سی ڈی سی کے بورڈآف ڈائریکٹرز کے چیئرمین معین فُدا نے مہمانوں سے استقبالیہ کلمات کہے۔ تقریب میں پاکستان کے مالیاتی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور اس اقدام کو شروع کرنے اور مارکیٹ کی ترقی کیلئے اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کرنے پر سی ڈی سی کی کوششوں کو سراہا۔ 

سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (CDC)نے سیکیوریٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے ریگولیٹری محرک کے تحت سرمایہ کاروں کیلئے متعدد اقسام کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے اوران تک بہتر رسائی کیلئے سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فارم(CGP)کاکامیابی سے آغاز کردیاہے۔ سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فارم سلوشن،سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مختلف مواقعوں (اسٹاکس، میوچل فنڈز، انشورنس پراڈکٹس وغیرہ) کیلئے آن بورڈنگ میں مدد فراہم کرے گاجس میں سرمایہ کاراس پلیٹ فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی KYC/CDDایک ہی جگہ پر مکمل کرسکتے ہیں اورانہیں ایک ہی انفارمیشن اور دستاویزات کو مختلف کمپنیوں کو بار بار فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس کے علاوہ سرمایہ کار بعدمیں آنے والی اپڈیٹس کیلئے بھی صرف سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فار م پروفائل کو اپڈیٹ کریں گے اور سینٹرلائزڈ گیٹ وے پلیٹ فار م اس اپڈیٹ کے مطابق تمام متعلقہ مالیاتی اداروں کو اپڈیٹ کرے گا، اس طرح معلومات کی ہم آہنگی کو یقینی بناتے ہوئے سرمایہ کاروں کوسہولت فراہم کی جائے گی۔ 

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی