لاہور(این این آئی۔ 13 جنوری 2025ء) قائمقام وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسرچ کے پانچویں سمسٹر کے طلباء و طالبات کے زیر اہتمام ایڈووکیسی ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پرچیئرپرسن شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسرچ پروفیسرڈاکٹر نوشینہ سلیم، چیئرمین شعبہ جرنلزم سٹڈیزڈاکٹر حنان احمد ، ڈائریکٹر شعبہ امور طلباء ڈاکٹرشاہزیب خان، نائب صدر لاہور پریس کلب صائمہ نواز، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قائمقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے معاشرتی برائیوں کے خلاف منعقدہ ایڈووکیسی ایکسپو کا افتتاح کیا ۔
ایڈووکیسی ایکسپو میں خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور جنسی ہراسگی کے خلاف ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں منشیات اور جہیز کی لعنت کے خلاف طلبائو طالبات نے سٹالز لگائے۔اس موقع پر پانی کا ضیاع روکنے اور صاف پانی کی اہمیت پربھی آگاہی سٹال لگائے گئے۔ ایکسپو میں خواتین کو دفاتر میں محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ، سموگ سے بچاو کے لئے اقدامات پر مبنی سٹال بھی لگایا گیا۔
تقریب میں مرد و خواتین میں اعتماد کو فروغ دینے کے لئے مخلوط تعلیم کی ضرورت پر سٹالز لگائے گئے۔ اپنے خطاب میں قائمقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے شعبہ کمیونیکیشن و میڈیا ریسرچ کے طلباء کی جانب سے نمائش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے طلبائوطالبات کو سماجی اور قدرتی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔
ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کہ سماجی برائیوں کے خلاف شعبے کے طلبائوطالبات نے پبلک سروس میسجز بھی تیار کئے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء نے مختلف علاقوں اور شعبوں میں جا کر عملی طور پر بھی آگاہی فراہم کی۔ صائمہ نواز نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کسی بھی معاشرے کی ترقی ممکن نہیں۔ ایڈووکیسی ایکسپو میں خواتین پر تشدد کے خلاف ریلی میں طلبائو طالبات نے نعرے بھی لگائے۔
ایک تبصرہ شائع کریں