پی ٹی سی ایل اور ایم ٹرونک نے جدید آئی۔او۔ ٹی سہولیات کے ذریعے گھروں کو خودکار بنانے کیلئے اشتراک قائم کر لیا

اسلام آباد : پاکستان کے صف اول کے ٹیلی کام و آئی سی ٹی ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)، اور اسمارٹ ہوم سلوشنز فراہم کرنے والی کمپنی، ایم ٹرونک (MTronic) نے جدید انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) سہولیات کے ذریعے لوگوں کے طرزِ زندگی میں انقلابی تبدیلی لانے کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے۔ اس تعاون کا مقصد سستی، باسہولت اور صارف دوست گھریلو ٹیکنالوجیز کے ذریعے ایک جدید طرز زندگی متعارف کرانا ہے، جس سےصارفین کو بے مثال سہولت اوربہترین گھریلو نظم و نسق کے حصول کے ساتھ ساتھ ماحول پر منفی اثرات میں کمی لانے میں مدد مل سکے گی ۔



معاہدے پر نائب صدر برائے پروڈکٹس اینڈ سیگمنٹس، پی ٹی سی ایل، عماد خان، اور ایم ٹرونک کے چیف بزنس آفیسر، وقاص خلیل نے اسلام آباد میں دستخط کیے، جس میں دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس شراکت داری کا مقصد ملک میں جدت طرازی اور ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینا اور اسمارٹ رہن سہن کے لیے آئی او ٹی سہولیات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

پی ٹی سی ایل کے صارفین کی بڑی تعداد اور مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جبکہ ایم ٹرونک کے جدید آئی او ٹی ڈیوائسز، جیسے کہ اسمارٹ سینسرز، خودکار لائٹنگ، اور تھرمو اسٹیٹس وغیرہ کی شمولیت سے پورے ملک میں جدید طرز زندگی کی سہولیات کو فروغ دیا جا سکے گا۔ پی ٹی سی ایل کے صارفین کو ان سہولیات پر 30 فیصد تک خصوصی رعایت حاصل ہوگی، تاکہ ایک جدید اور باسہولت زندگی تک ان کی رسائی کو آممکن بنایا جا سکے۔ پی ٹی سی ایل کے صارف دوست پورٹل کے ذریعے صارفین آسانی سے ان سہولیات کو دیکھ اور خرید سکیں گے، جبکہ ایم ٹرونک مصنوعات کی مکمل ڈلیوری، تنصیب اور بعد از فروخت سروس فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔ پی ٹی سی ایل کے مضبوط فائبر انٹرنیٹ سے چلنے والی یہ اسمارٹ ڈیوائسز صارفین کو بلاتعطل اور قابل اعتماد سہولت فراہم کریں گی۔

اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے نائب صدر برائے پروڈکٹس اینڈ سیگمنٹس، عماد خان نے کہا، ''پی ٹی سی ایل ملک میں ڈیجیٹل جدت اور تبدیلی کا ایک اہم محرک ہے۔ ایم ٹرونک کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم اپنے صارفین کے لیے جدید اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی لا رہے ہیں، جو جدید اور مربوط طرزِ زندگی کو حقیقت میں بدل دے گی۔ پی ٹی سی ایل کے وسیع نیٹ ورک اور ڈیجیٹل جدت انگیزی کے فروغ کے عزم کی بدولت ہم ملک میں آئی او ٹی انقلاب کی قیادت کررہے ہیں۔''

ایم ٹرونک کے چیف بزنس آفیسر، وقاص خلیل نے کہا، ''پی ٹی سی ایل کے ساتھ ہمارا تعاون ایک مشترکہ وژن پر مبنی ہے، جس کا مقصد جدید اسمارٹ ہوم سہولیات کے ذریعے لوگوں کے رہن سہن کے انداز میں بہتری لانا ہے۔ پی ٹی سی ایل کی ملک بھر میں موجودگی اور آئی او ٹی ٹیکنالوجی میں ہماری مہارت کے امتزاج سے ہم اپنے مشترکہ صارفین کو بے مثال سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم مل کر ڈیجیٹل طور پر منسلک گھر کے تصور کو نئی جہت دینا چاہتے ہیں۔''

دونوں اداروں کا یہ جدید ترین اقدام اسمارٹ ہوم مینجمنٹ اور ڈیجیٹل طرز زندگی میں لامحدود امکانات کے دروازے کھولے گا۔ پی ٹی سی ایل اور ایم ٹرونک اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اپنے مشترکہ صارفین کے لیے مزید آسانیاں اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ختم شد۔

کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی