کنیکٹ ہئیر نےسماعت سے محروم افراد کے قدرتی آفات سے تحفظ کیلئےمصنوعی ذہانت پر مبنی منصوبہ متعارف کرا دیا



کراچی : مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کو انسانی سہولت کیلئے بروئے کار لانے میں مہارت رکھنے والے جنوبی ایشیاء کے صفِ اول کےمعاون ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ،کنیکٹ ہئیر(ConnectHear) نے آج کراچی میں'رسائی، صلاحیت اور ٹیکنالوجی' (Access, Ability, Tech)کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں ایک انقلابی منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات کے دوران معاشرے کے تمام افراد کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات کو بروئے کار لانا ہے۔ یہ اقدام جی ایس ایم اے کےانسانیت کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مختص فنڈکی معاونت اور ہینڈز(Hands) اوریوفون4G کی شراکت سے عمل میں لایا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کنیکٹ ہئیر کی جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور آن لائن مترجم پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں سماعت سے محروم افراد کو ہنگامی صورتحال میں زندگی بچانے والی معلومات اور مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔



موسمیاتی آفات سے سب سے زیادہ متاثرہ دس ممالک میں شامل پاکستان کو ہنگامی حالات کے دوران بروقت معلومات کی فراہمی کے حوالے سے شدیدمشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر اُن ایک کروڑ سے زائد افراد کو جو سماعت سے محروم ہیں۔ تقریب میں مقررین نے عوامی اور نجی شعبے کی شراکت سے آفات سے بچاؤ کاایک جامع نظام تشکیل دینے کی ضرورت اور اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا ۔

سماجی ترقی کے ماہر وعالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار، کامران اکبر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے بحرانوں کے دوران رسائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا:''آفات سے بچاؤ کے عمل میں معاشرے کے تمام افراد کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھنا محض ایک ضرورت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ معذور افراد کے بہبود کیلئے مصنوعی ذہانت کے ذریعے مواصلاتی رکاوٹوں کو دور کرنا کسی بھی بحران کے منصفانہ انتظام کی طرف ایک انقلابی قدم ہے۔ کنیکٹ ہئیر کا یہ اقدام پاکستان میں ہنگامی تیاری کے عمل میں ایک نیا معیار قائم کر رہا ہے۔''
سی ای او، ایس آئی ای ایچ ایس۔1122، بریگیڈیئر طارق قادر لکھیر تقریب کے مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے اور ہنگامی ردعمل کی خدمات کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا، ''مصنوعی ذہانت پر مبنی اختراعی خدمات ہنگامی صورتحال میں ردعمل کو مزید جامع اور شمولیتی بنا رہی ہیں۔ 'ایکسس، ایبلٹی، ٹیک' اقدام ایک اہم پیش رفت ہے، جو ہنگامی صورتحال میں سماعت سے محروم افراد کی ضروری مدد تک بروقت رسائی کو یقینی بنائے گا۔ ایس آئی ای ایچ اعداد و شمار کی بنیاد پر کام کرنے والا ادارہ ہے، جو انسانی امداد کی کوششوں کی استعداد اور تمام افراد کی شمولیت کو بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل سہولیات کو بروئے کار لانے کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ منصوبہ ایک زیادہ مؤثر اور مکمل پری ہاسپٹل کیئر سسٹم تشکیل دینے کے ہمارے عظیم اور وسیع تر عزم سے ہم آہنگ ہے۔''
تقریب میں ''شمولیت کے فروغ کے لیے اشتراک – آفات سے نمٹنے میں ٹیکنالوجی اور عوامی و نجی شراکت داری کی اہمیت'' کے عنوان سے ایک مباحثہ بھی شامل تھا ۔ مباحثے کی میزبانی کنیکٹ ہئیر کی سی ای او، عظیمہ دھنجی نے کی۔ پینل میں یونیسف کے ماہر ِصحت، ڈاکٹر مظہر اقبال، ہینڈز کے سی ای او، ڈاکٹر شیخ تنویر احمد، یوفون4G کے سینئرمنیجر، پبلک ریلیشنز و سوشل امپیکٹ، مبشرفدا اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔
کنیکٹ ہئیر کے شریک بانی اور سی ٹی او، ارحم اشتیاق نے منصوبے کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا، ''کنیکٹ ہئیر کو مکمل یقین ہے کہ مصنوعی ذہانت کی قوت سے مواصلاتی رکاوٹوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے ۔ ہم محض ترجمہ کی خدمات فراہم نہیں کر رہے، بلکہ ایک ایسا نظام تشکیل دے رہے ہیں، جو سماعت سے محروم افراد کے لیے فوری طور پر زندگی بچانے والی معلومات قابلِ فہم طریقے سے فراہم کر سکے۔ یہ منصوبہ اس بات کی بہترین دلیل ہے کہ جب مخصوص تکنیکی ترقی اور مضبوط شراکت داری کو بروئے کار لایا جائے تو معاشرتی سطح پر دیرپا اثر ڈالا جا سکتا ہے۔''

کنیکٹ ہئیر نے آفات کے دوران سماعت سے محروم افراد کے لیے دو بنیادی ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں، جن میں قدرتی آفات سے قبل سماعت سے محروم افراد کو بروقت خبردار کرنے والا مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام، ای ڈبلیو اے آئی ہے، جو کنیکٹ ہئیر کے اشاروں کی زبان مشتمل شناختی نظام پر مبنی ہے اور خودکار طور پر زندگی بچانے والے ویڈیو الرٹس تیار کر سکتا ہے۔ دوسرا، کنیکٹ ہئیر کا ورچوئل اشاروں کی زبان سمجھنے والا پلیٹ فارم ہے، جسے کمزور نیٹ ورک والے علاقوں میں بھی مؤثر طریقے سے کام کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ اس نظام سے بھرپور استفادے کیلئے یوفون 4G ان الرٹس کو اپنے نیٹ ورک کے ذریعے نشر کرے گا ۔ یوفون 4G نے کنیکٹ ہئیر ایپ کے لیے ڈیٹا کی لاگت صفر کر دی ہے، تاکہ صارفین اسے بالکل مفت استعمال کر سکیں۔ دریں اثنا، ہینڈز کمیونٹی آؤٹ ریچ اور تربیت کے عوامل کی قیادت کرے گا، تاکہ سماعت سے محروم افراد اور ان کے خاندان ان جدید سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ کنیکٹ ہئیر اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر ایک ہزار افراد تک مدد پہنچانے کیلئے پُرعزم ہے اور مستقبل میں مزید تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اس کا دائرہ وسیع کرے گا۔ اس اقدام کے ذریعے پاکستان میں سماعت سے محروم افراد کے لیے آفات سے نمٹنے کی تیاری کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔

کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی