کراچی : پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکرو فنانس بینک، موبی لنک بینک کے 'ویمن انسپریشنل نیٹ ورک (WIN) انکیوبیٹر پروگرام' سے منسلک خواتین کی زیرقیادت 13 کاروباری اداروں کے افتتاحی گروپ کی کامیابی کے ساتھ گریجویشن ہوگئی ہے۔ اس پروگرام میں شمولیت کے دوران خواتین کی زیرقیادت ان کاروباری اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ضروری مہارتوں، مالیاتی خواندگی اور ڈیجیٹل ٹولز سے آراستہ کیا گیا تاکہ انکی کاروباری صلاحیت میں اضافہ ہو۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں انکی گریجویشن کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ان کاروباری افراد کی کامیابی کو سراہنا تھا جنہوں نے متعدد رکاوٹوں، معاشرتی دباؤ اور اپنی زندگیوں کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرکن آئیڈیاز پر عمل کرکے متعدد چیلنجز پر قابو پایا۔
اس تقریب میں اہم اسٹیک ہولڈرز، انڈسٹری قائدین، کاروباری خواتین، اور دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، جو خواتین کی معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے اشتراک اور جدت کو سراہنے کے لئے متحد تھے۔ شرکاء نے ملک بھر میں مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے موبی لنک بینک کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
اگرچہ یہ پروگرام اپنے آپ میں ایک بہت بڑی کامیابی تھی، لیکن بینک نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسٹارٹ اپس کا اعلان کیا۔ ایکو برکس (EcoBricks) کو بہترین اسٹارٹ اپ ایوارڈ اور 10 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا جبکہ ری سائیکل بن (Recycle Bin) اور ایکو گرو (EcoGrow) کو انوویشن چیلنج کے فاتحین کے طور پر 5،5 لاکھ روپے سے نوازا گیا۔ بینک نے ایوارڈز کی شکل میں ان امید افزا خیالات کو تسلیم کیا اور ان کاروباروں کی مسلسل ترقی اور انکی کامیابی کو فروغ دینے کے لئے اہم مالی تعاون فراہم کیا۔ بینک نے خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کے لئے سازگار نظام کو فروغ دینے کے لئے پروگرام کے دوسرے گروپ کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا، ''موبی لنک بینک خواتین کی لامحدود صلاحیتوں پر یقین رکھتا ہے جو معاشی ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گی۔ مستقبل کے لیے تیار بینک کی حیثیت سے ہم ان خواتین کو نہ صرف ٹولز اور مواقع فراہم کر رہے ہیں بلکہ انکے لئے دور رس تبدیلی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ جب کوئی عورت ترقی کرتی ہے، تو وہ اپنے خاندان اور اپنی برادری کو ساتھ کھڑا کرتی ہے۔ ہمارے انکیوبیٹر پروگرام اور مالی شمولیت کی کاوشوں کے ذریعے، ہم ان کو کامیابی میں تبدیل کر رہے ہیں اور زیادہ جامع، مساوی مستقبل کو فروغ دے رہے ہیں جس کے لئے ہمارے گریجویٹس مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ہم کاروباری خواتین کے اگلے گروپ کو تعاون کی فراہمی کے لئے پرجوش ہیں۔''
تقریب کی مہمان خصوصی سیکریٹری وزارت خارجہ، اور سفیر آمنہ بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ''مجھے خوشی ہے کہ WIN انکیوبیٹر کا افتتاحی گروپ زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ ان خواتین کی کہانیاں امید کی ترغیب دیتی ہیں اور دوسروں کو اپنی زندگی کی باگ ڈور اپنے ہاتھوں میں لینے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ ہم پہلے گروپ کی شاندار کارکردگی کے بعد اب اگلے گروپ کی کامیابی کو دیکھنے کے لئے متمنی ہیں اور موبی لنک بینک کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔''
انکیوبیٹر کے شرکاء نے موبی لنک بینک کا شکریہ ادا کیا جس نے انہیں کاروباری کامیابی اور مالی استحکام حاصل کرنے کے لئے درکار ٹولز، مہارتوں اور معلومات کے ساتھ بااختیار بنایا۔ بہتر مالیاتی خواندگی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں مہارت اور عالمی سطح پر بہترین کاروباری طریقوں کی معلومات کے ساتھ، یہ خواتین اب اپنے کاروبار کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے تیار ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں