اسلام آباد : پاکستان کے معروف ڈیجیٹل مائیکرو فنانس ادارے، موبی لنک بینک نے ملک کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم، دراز پاکستان (Daraz Pakistan)کے ساتھ ایک اسٹریٹجک معاہدہ کر لیا ہے ، جس کا مقصدپاکستان بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایم ایس ایم ایز) کو مالیاتی شمولیت، قرضوں تک آسان رسائی اور جدید ترین ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یہ تعاون دونوں اداروں کے نچلی سطح پر معاشی ترقی کو فروغ دینے کےمشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے جس سے ملکی معیشت کو طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے۔
موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او، حارث محمود چوہدری، اور دراز پاکستان و سری لنکا کے منیجنگ ڈائریکٹر، احسن سایا نے اسلام آباد میں اس معاہدے پر دستحظ کیے۔ اس شراکت داری کے تحت موبی لنک بینک دراز سے منسلک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور کاروباری خواتین کو 25,000 روپےسے لے کر 30 لاکھ روپے تک کے خصوصی اور آسان قرضے فراہم کرے گا۔
دراز اس معاہدےکے تحت چھوٹے کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل منڈی تک رسائی فراہم کرے گا تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو آن لائن فروخت کیلئے پیش کر سکیں۔ یہ شراکت داری مالیاتی سہولت اور ڈیجیٹل استعداد کی مدد سے ایک ایسا جامع نظام تشکیل دےگی، جس سے چھوٹے کاروباری اداروں کی خودمختاری، سہولیات تک رسائی اور پائیداری میں اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں، موبی لنک بینک دراز کے تمام ملازمین اور سپلائرز کو اپنے گرین فنانسنگ سہولیات تک بھی رسائی دے گا، جس میں سولر ہوم اور ای بائیک فنانسنگ کے ساتھ مفت بینکنگ سروسز شامل ہوں گی تاکہ سپلائی چین میں پائیداری اور مالیاتی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا، ''دراز کے ساتھ ہماری شراکت داری چھوٹے کاروباری اداروں، بالخصوص خواتین کے کاروباروں کو ترقی کے دو قیمتی وسیلے مہیا کرے گی، جو مالیاتی سہولت اور ڈیجیٹل استعداد ہیں، تاکہ وہ ملک بھر میں اپنے کاروبار کو فروغ دے کر ترقی اور استحکام حاصل کر سکیں۔ یہ باہمی تعاون مالیاتی شمولیت اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کی ترقی کے فروغ کے ہمارے دیرینہ عزم کی عکاسی کر تا ہے۔''
اپنی تقریر میں دراز پاکستان و سری لنکا کے منیجنگ ڈائریکٹر، احسن سایا نے کہا، ''دراز چھوٹے کاروباروں کو بااختیار بنانے کے لیے ڈیجیٹل تفریق کے خاتمے اور ترقی کے نئے راستے پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ موبی لنک بینک کے ساتھ یہ شراکت داری مالیاتی رسائی اور ہمارے ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس کی وسعت کو مؤثر طریقے سے مربوط کرکے چھوٹے کاروباری اداروں ، خاص طور پر کاروباری خواتین کے لیے ہمارے تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔ ہم ایک ایسا نظام تشکیل دے رہے ہیں جس میں ہر حجم کے کاروبار پائیدار ترقی حاصل کر سکیں اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔''
موبی لنک بینک اور دراز مستقبل میں اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا عزم رکھتے ہیں، جس کیلئے دراز کی ڈیلیوریز کے لیے 'کیو آر' کوڈ پر مبنی ادائیگیوں جیسے جدید ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ صارفین کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، موبی لنک بینک دراز کے فروخت کنندگان کے لیے بینک کی مقامی شاخوں پر نقد رقم جمع کرانے کی سہولت فراہم کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہا ہے تاکہ ان کے کیش فلو کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔ یہ اقدامات پاکستان کے کاروباری نظام، ڈیجیٹل انضمام اور جامع معاشی مواقع کی فراہمی کو ممکن بنانے کی جانب مثبت پیش رفت ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں