محض 7 ماہ میں 25 مردوں سے شادی کرکے انہیں لوٹنے والی ’لٹیری دلہن‘ کو پولیس نے گرفتار

بھارتی ریاست راجستھان کی پولیس نے محض 7 ماہ میں 25 مردوں سے شادی کرکے انہیں لوٹنے والی 'لٹیری دلہن' کو ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال سے گرفتار کرلیا۔ 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق پولیس کی جانب سے طویل جدوجہد کے بعد گرفتار کی گئی خاتون کی شناخت 23 سالہ انورادھا پاسوان کے نام سے ہوئی، جس نے مردوں کو جھانسہ دے کر لوٹا۔ 



محض 23 سالہ خاتون نے 7 ماہ میں مختلف ریاستوں کے شادی کے خواہش مند 25 مردوں سے شادی کی اور ایک ہفتے کے اندر ہی ان کے گھر سے قیمتی اشیا کا صفایا کرکے چلتی بنیں۔ پولیس کی تفتیش کے مطابق خاتون کا اصل تعلق ریاست اترپردیش سے ہے، جہاں وہ ہسپتال میں ملازمت کرتی تھیں لیکن شوہر سے جھگڑے کے بعد وہ ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال چلی گئیں، جہاں اس نے مقامی گینگ سے تعلق بنا لیا۔ خاتون نے مقامی گینگ کے ایجنٹس کے ساتھ مل کر مختلف افراد سے شادی کی اور ایک ہفتے کے اندر ہی تمام دلہوں کی قیمتی اشیا لوٹ کر وہاں سے فرار ہوئیں، انہوں نے متعدد ریاستوں کے مردوں سے شادی کی، تاہم زیادہ تر شادیاں بھوپال میں ہی کیں۔ خاتون کے خلاف پہلی شکایت رواں ماہ 2 مئی کو ریاست راجستھان کے شہر سوائی مادھوپور کے ایک رہائشی نے درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے دو ہفتوں کی تفتیش کے بعد خاتون کو بھوپال سے گرفتار کیا۔ 

پولیس کے تفتیشی افسر نے شک ہونے پر بھوپال کی ایک گینگ سے دلہا بن کر رابطہ کیا اور ان سے دلہن دکھانے کا مطالبہ کیا، گینگ نے انہیں واٹس ایپ پر مطلوبہ 'لٹیری دلہن' کی تصاویر بھیجیں، جس پر پولیس افسر نے شادی کی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے خاتون کی پیسوں کے عوض دوسرے لوگوں سے شادیاں کروانے والے گینگ کے متعدد ارکان کو بھی گرفتار کرلیا، تمام گرفتار ارکان کا تعلق بھوپال سے ہے۔ اس سے قبل بھی بھارت میں متعدد خواتین کو جھانسہ دے کر درجنوں مردوں سے شادیاں کرکے انہیں لوٹنے کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی