بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کی جانب سے مسلسل پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پر اداکار عمران عباس نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے انہیں ان کی حیثیت یاد دلادی۔
خیال رہے کہ جاوید اختر بھارت سے وفاداری ثابت کرنے کیلئے پاکستان کے خلاف مسلسل زہر اگلنے میں مصروف ہیں۔
پہلگام حملے کے بعد جہاں بہت سے پاکستانی سیلیبریٹیز نے حملے کی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا وہیں بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات لگانے اور ہرزہ سرائی کا سلسلہ مستقل جاری ہے۔
چند روز قبل ایک بیان میں جاوید اختر بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی حمایت بھی کر چکے ہیں۔
جاوید اختر نے ایک حالیہ تقریب کے دوران اپنے خلاف مذہبی انتہا پسندوں کی طرف سے تنقید پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے پاس صرف دو آپشنز ہوں، جہنم یا پاکستان، تو وہ جہنم میں جانا پسند کریں گے۔
ان کے اس بیان پر عمران عباس نے لکھا کہ 'اگر وہ جہنم کا انتخاب نہ بھی کریں تو بھی وہ وہیں پرواز کرتے ہوئے ملیں گے اور امکان ہے کہ وہ بھی سب سے نچلے درجے میں بیٹھ کر'۔
اداکار نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ 'صرف ہم نے انہیں بزنس یا فرسٹ کلاس کا اسٹیٹس دیا لیکن حقیقت میں وہ کسی بھی کلاس کے میرٹ پر پورا نہیں اترتے'۔
عمران عباس کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ 'بالکل صحیح بات ہے عزت کے قابل نہیں'۔
ایک صارف نے کہا کہ 'اس (جاوید اختر) نے ہمیں اچھا سبق سکھایا، کسی کم درجے کے انسان کو اتنی زیادہ عزت نہیں دینا چاہیے، ایک اور نے لکھا کہ 'عزت راس نہیں آئی محترم کو'۔
خیال رہے جاوید اختر 2023ء میں منعقدہ فیض فیسٹیول میں شرکت کیلئے لاہور آئے تھے، اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگا کر تنازع کھڑا کردیا تھا۔
ایک تبصرہ شائع کریں