پاکستان میں نیو انرجی گاڑیوں کا سب سے بڑا چارجنگ نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے بی وائی ڈی اور حبکو گرین کا اشتراک

یہ اشتراک ملک بھر میں نقل و حرکت کے لئے صاف، سرسبز اور پائیدار مستقبل کی قبولیت کا آغاز ہوگا


کراچی :پاکستان میں پائیدار سفری سہولیات کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدام اٹھانے کے سلسلے میں BYD پاکستان - میگا موٹر کمپنی (BYD|MMC) نے حبکو پاور کمپنی کے ذیلی ادارہ، حبکو گرین پرائیویٹ لمیٹڈ (HGL) کے ساتھ شراکت داری کرلی ہے۔ اس اشتراک کے تحت ملک کا سب سے بڑا ڈی سی فاسٹ چارجنگ نیٹ ورک قائم کیا جائے گا، جو نیو انرجی وہیکلز (NEVs) کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ ملک گیر انفراسٹرکچر نہ صرف پاکستان کے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں موجود ایک اہم خلا کو پُر کرے گا بلکہ برقی نقل و حرکت کی منتقلی میں ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس چارجنگ نیٹ ورک کے قیام کے ذریعے پاکستان میں صاف، قابلِ اعتماد اور ماحول دوست سفر کو حقیقت میں ڈھالا جا رہا ہے۔

اس اہم اشتراک کے تحت HGLآئندہ تین سالوں میں تقریباً 128 عدد ڈی سی فاسٹ چارجرز لگائے گا، جن میں سے 50 چارجرز 2025 کے آخر تک نصب کئے جائیں گے۔ اس انقلابی اور اسٹریٹجک منصوبے کے تحت حبکو گرین کی طرف سے یہ نیٹ ورک تین اہم شعبوں میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ قائم کیا جائے گا۔ ان میں شہری علاقوں میں بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں جیسے پی ایس او، پارکو گنور اور اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کے ساتھ اشتراک قائم کیا جائے گا، شہروں کے درمیان ہائی ویز اور موٹرویز پر ہر 150 سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پرچارجز کی تنصیب کی جائے گی اور تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور اسپتالوں پر چارجنگ پوائنٹس قائم کئے جائیں گے تاکہ صارفین کو چارجنگ میں مزید سہولت حاصل ہوسکے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پہلے ہی کئی اہم مقامات پر چارجرز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جن میں پی ایس او اسٹیشنز اور BYD پاکستان کے ڈیلرشپس شامل ہیں۔

یہ اقدام پاکستان میں پائیدار نقل و حرکت کی جانب منتقلی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اور نیو انرجی گاڑیوں (NEVs)  کو عوام کے لئے ایک قابل عمل اور آسان انتخاب بنانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ اس اقدام کی بدولت BYD  پاکستان اُن اولین گاڑی بنانے والے اداروں میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کی ترقی میں سرمایہ کاری کی ہے، اور پاکستان میں پائیدار ترقی اور سرمایہ کاری کے عزم کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔

بی وی ڈی پاکستان کے وائس پریذیڈنٹ سیلز اینڈ اسٹریٹجی، دانش خالق نے کہا، ''پاکستان میں نیو انرجی گاڑیوں (NEVs) کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ لوگوں میں چارجنگ کی سہولت کی عدم دستیابی کا خوف ہے۔ حبکو گرین کے ساتھ اہم اشتراک کے ذریعے ہم نہ صرف ایک طرف لاجسٹک مسئلے کو حل کر رہے ہیں بلکہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کے پورے نظام کو نئی شکل دے رہے ہیں۔ ہمارا عزم صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ ہم اپنے صارفین کو یہ اعتماد بھی دینا چاہتے ہیں کہ ملک میں برقی ٹرانسپورٹ نہ صرف ممکن ہے بلکہ عملی طور پر ایک بہترین متبادل ہے۔ اس شعبے میں مثالی ادارے کے طور پر BYD  پاکستان فخریہ طور پر پوری قوم کے لئے صاف اور پائیدار سفری حل کو حقیقت بنانے میں پیش پیش ہے۔''

حبکو کے وائس پریذیڈنٹ پروجیکٹس، مسعود ظفر نے اس شراکت داری اور اس کے وسیع اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا، ''ہم سمجھتے ہیں کہ گرین ٹرانسپورٹیشن کے انقلاب کی بنیاد ایک جامع اور باسہولت دستیاب انفراسٹرکچر پر منحصر ہے۔ بی وائی ڈی پاکستان کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم ایک صاف اور سرسبز مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ یہ اقدام محض ایک ٹیکنالوجیکل سنگِ میل نہیں بلکہ قومی ترقی سے ہماری وابستگی اور پاکستان کی پائیدار تبدیلی کی بڑی مہم کا حصہ بھی ہے، جس کا مقصد لوگوں کو بااختیار بنانا، صنعتوں کو سہولت فراہم کرنا اور پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے سبز مستقبل کی ازسرنو شکل سامنے لانا ہے۔''

یہ اقدام نہ صرف حکومت کے ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کے عین مطابق ہے بلکہ پاکستان میں کاربن کی سطح کو کم کرنے کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔ BYDپاکستان مستقبل میں نقل و حرکت کے پائیدار اور سرسبز طریقوں کے ساتھ عوام کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور پاکستانیوں کو کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے لئے مدد فراہم کرے گا۔

کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی