کراچی : Skills360 Pakistan اور وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی (FUUAST) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد یونیورسٹی کے طلباء کو مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔Skills360 Pakistan ایک تعلیمی و ترقیاتی پروگرام ہے جو The Coach360 کے ماتحت ہے اور Burhan Mirza اسکے شریک بانی ہیں۔ اس معاہدے پر Skills360 کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف حسین شاہ اور وفاقی اردو یونیورسٹی کی ڈائریکٹر اورک (ORIC) ڈاکٹر حنا اکرم مدثر کی موجودگی میں دستخط کئے گئے ہیں ۔یہ اقدام تعلیمی میدان میں سیکھنے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اس معاہدے کے تحت Skills360 اپنے متعدد کورسز میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے 25 نشستیں مختص کرے گا۔ یہ اقدام یونیورسٹی کے طلباء کی تعلیم کو انڈسٹری سے متعلق زیادہ قابل رسائی بنانے کی وسیع کاوشوں کا حصہ ہے ۔ مزید برآں، یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے منتخب طلبہ کو تمام کورسز پر 50 فیصد اسکالرشپ بھی دی جائے گی تاکہ ہر طبقے کے طلباء کو اسکل سیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر ہوں۔
وفاقی اردو یونیورسٹی جامع تعلیم کے حوالے سے مستقبل میں Skills360 کے مکمل شدہ کورسز کو اپنے تعلیمی پروگرامز میں اختیاری مضامین (Electives) کے طور پر تسلیم کرسکتی ہے، جس کا فیصلہ داخلی جائزے اور نصاب سے مطابقت کی بنیاد پر کیا جائے گا، اس سے یونیورسٹی کے جدید تعلیم سے ہم آہنگ ہونے کے عزم کو تقویت ملے گی۔
اس شراکت داری کا ایک اور نمایاں پہلو یہ ہے کہ پروگرام میں طلباء کے کیرئیر کی جامع انداز سے معاونت کی جائے گی۔ Skills360 اپنے صنعتی شراکت داروں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گا ۔ اسکے نتیجے میں طلباء کو عملی تجربہ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ جدید کورسز کی تکمیل کے بعد روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے۔
اس موقع پر Skills360 کے شریک بانی Burhan Mirza نے کہا، "اس اشتراک کا مقصد یہ ہے کہ یونیورسٹی کی تعلیم کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کر کے طلباء کو بہتر روزگار کے لیے تیار کیا جائے۔ ہمارا مقصد ایسے پروفیشنل افراد تیار کرنا ہے جو نہ صرف تعلیمی طور پر مضبوط ہوں بلکہ مارکیٹ میں بہترین کارکردگی کے لئے بھی تیار ہوں۔"
وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہمیں خوشی ہے کہ ہم Skills360 جیسے ادارے کے ساتھ مل کر اپنے طلباء کے لیے عملی تربیت اور مارکیٹ سے جڑنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ یہ شراکت داری ہمارے طلبہ کے کیریئر کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔"
اس اشتراک کی دستخطی تقریب میں Skills360 کے اکیڈمک ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت وصی کے ساتھ ساتھ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ProByte کے سی ای او (Skills360 کے ٹیکنیکل پارٹنر) کاشف حسین شاہ، وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء خان شنواری اور دونوں اداروں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
ایک تبصرہ شائع کریں