لمز اور وزارتِ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان اوپن ڈیٹا کانفرنس 2025 کا انعقاد، پاکستان کے پہلے نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا آغاز

لمز یونیورسٹی نے وزارت منصوبہ بندی کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل لانچ کر دیا۔

اسلام آباد: لمز اور وزارت منصوبہ بندی کے اشتراک سے اسلام آباد میں پاکستان اوپن ڈیٹا کانفرنس 2025 کاانعقاد کیا گیاجس میں
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کے پہلے نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے نیشنل سینٹر فار بگ ڈیٹا اینڈ کلاؤڈ کمپیوٹنگ (NCBC) اور لمز کی ٹیم کو اس پلیٹ فارم کے قیام پر سراہا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ NCBC کے قیام کے سفر میں شامل رہے، جو پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) اور مشین لرننگ کے شعبے میں مقامی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اب پاکستان کی ترقی کی کہانی ''کوڈز'' میں لکھی جائے گی اور ''ڈیٹا'' کے ذریعے سمجھی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹولز کو اپنانا اب کوئی آپشن نہیں بلکہ ایک قومی ترجیح بن چکی ہے۔



احسن اقبال نے مزیدکہا کہ نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا آغاز ایک اور بڑا سنگ میل ہے، جو پالیسی سازوں، محققین اور عوام کو اہم شعبوں میں موجود منظم ڈیٹا تک رسائی دے گاجس سے بہتر فیصلے، نئی تحقیق اور ڈیٹا پر مبنی مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا: ''دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائز ہورہی ہے جس میں اب صرف باتیں کافی نہیں بلکہ نتائج دینا ہوں گے۔ آئیے ہم سب یعنی حکومت، تعلیمی ادارے، صنعت اور نوجوان مل کر ایک ڈیٹا سمارٹ، کلاؤڈ سے جڑا اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے والا پاکستان بنائیں۔ نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا افتتاح ایک نئے دور کا آغاز ہے۔''

ڈاکٹر نوید ارشد، ڈائریکٹر NCBCنے اس پورٹل کو تحقیق کے شعبہ اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے ایک بڑی سرمایہ کاری قرار دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2018 میں NCBC کے قیام کے بعد 12 شراکت دار اداروں کے ساتھ تعاون کا یہ سفراب ڈیجیٹل ترقی کی مثال بن چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورٹل پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جہاں صحت، تعلیم، معیشت، ماحول، آبادی اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق حکومتی ڈیٹا عام عوام، محققین اور پالیسی سازوں کے لیے دستیاب ہوگا۔

کانفرنس میں نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا اور اس  موضوع پر ایک پینل گفتگو بھی ہوئی، جس میں مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی اور ڈیٹا کے ذریعے بہترطرز حکمرانی، معیشت اور سماجی ترقی کے موضوعات پر گفتگو کی۔تقریب میں شریک ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس پاکستان میں ڈیجیٹل گورننس کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی