کراچی: پاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک اور بینک سینٹر کریڈٹ قازقستان (BCC)نے کارسپانڈٹ بینکاری تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان اور قازقستان کے درمیان بڑھتی ہوئی دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں بینک ٹریڈ فنانس، کراس بارڈر ادائیگیوں اورپاکستان اور قازقستان میں کاروبارکرنے والے کارپوریٹ اورکمرشل کلائنٹس کو مالیاتی خدمات کی فراہمی میں تعاون کیلئے ایک جامع فریم ورک قائم کریں گے۔ اس شراکت داری کے ذریعے دونوں بینکوں کا مقصد بینکاری چینلز تک رسائی کو بہتر بنانا، ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو سپورٹ فراہم کرنا اورباہمی اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے نئے مواقع تلاش کرناہے۔
یہ معاہدہ علاقائی مالیاتی انضمام کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقعوں میں موئثر کردار اداکرنے کے میزان بینک اور بینک سینٹر کریڈٹ کے عزم کی عکاسی ہے۔
اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ ٹرانزیکشنز اینڈ انٹر نیشنل بینکنگ محمد عبدا للہ احمدنے کہاکہ یہ شراکت داری قازقستان اور پاکستان کے درمیان مالیاتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ کارسپانڈٹ بینکنگ تعاون میں اضافہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی تعلقات کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر بینک سینٹر کریڈٹ قازقستان کے صدر روسلان ولادیمرو ف نے کہاکہ پاکستان کے بینکاری شراکت داروں کے ساتھ بینکنگ خدمات کو توسیع دینے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر ہمیں خوشی ہے۔ یہ شراکت داری دونوں ممالک میں کاروباری اور مالیاتی اداروں کیلئے زیادہ موئثر اور محفوظ بینکنگ چینلزکی فراہمی میں مدد فراہم کرے گی۔
دونوں بینکوں نے بین الاقوامی ریگولیٹری، کمپلائنس اور رسک مینجمنٹ کے اعلیٰ معیارات کے مطابق کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں