ایف سی ای پی ایل کے تحت ملک بھر کے طلبہ کے ساتھ ورلڈ ملک ڈے منانے کا اہتمام

کراچی: پاکستان کی معروف ڈیری کمپنی فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ (FCEPL) اور اس کے ملازمین نے پاکستان کو غذائیت فراہم کرنے کے اپنے جاری مشن کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں طلبہ کے ساتھ ورلڈ ملک ڈے منایا۔ ایف سی ای پی ایل کے ملازمین نے کراچی کے راست اسکول سمیت ساہیوال اور سکھر کے کمیونٹی اسکولز میں طلبہ کے ساتھ ایک دن گزارا اور انہیں اسکول جانے والے بچوں کیلئے روزانہ دودھ پینے کے طویل المدتی طبی فوائد سے آگاہ کیا۔

اس نوعیت کے آگاہی سیشنز پاکستان میں نہایت اہم ہیں جہاں تقریباً ایک کروڑ بچے نشوونما کی کمی (اسٹنٹنگ) کا شکار ہیں جبکہ پانچ سال سے کم عمر 40 فیصد بچے شدید غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جو نہ صرف ان کی جسمانی نشوونما کو متاثر کرتی ہے بلکہ ان کی ذہنی نشوونما میں بھی سنگین رکاوٹ بنتی ہے۔ صرف ایک گلاس دودھ روزانہ درکار 12 غذائی اجزاء میں سے 7 فراہم کر سکتا ہے، جو ملک میں غذائی قلت کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔




کاشان حسن، منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او، ایف سی ای پی ایل نے کہا” ہماری آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبود کا انحصار معیاری غذا پر ہے اور محفوظ دودھ اس بحث کی بنیاد ہے۔ ایک باشعور معاشرہ محفوظ اور معیاری دودھ کے حصول اور استعمال کی اہمیت سے آگاہ ہوتا ہے جو ایک صحت مند اور خوشحال مستقبل کی جانب لے جاتا ہے۔“

اس بات پر مزید زور دیتے ہوئے مارکیٹنگ ڈائریکٹر سارہ صدیق نے کہا” ہم قوم کو محفوظ اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق دودھ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ دودھ میں موجود معیار اور غذائیت برقرار رہے اور صارفین تک پہنچنے والا ہر گلاس اپنی خالص ترین شکل میں ہو۔ ہمارا مشن صرف پاکستان کو غذائیت فراہم کرنا نہیں بلکہ محفوظ اور خالص دودھ کی زیادہ سے زیادہ دستیابی کو یقینی بنانا بھی ہے۔ “

کمپنی نے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے اشتراک سے پنجاب بھر کے اسکولز میں دودھ کی تقسیم کی مہم بھی چلائی تاکہ ملک میں مزید طلبہ تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ پاکستان کی نمایاں ڈیری پروڈکشن کمپنیوں میں سے ایک ہے جو ملک بھر کی تمام کمیونٹیز کو اعلیٰ غذائیت، محفوظ اور مناسب قیمت دودھ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی