خون کے عطیات کی مہم کے لئے یوفون اور انڈس اسپتال کی شراکت داری

یوفون رضاکار گروپ کی جانب سے مہم کی قیادت، اسٹاف نے رضاکارانہ خون کے عطیات دیئے

کراچی:۔ پاکستان میں خون کے رضاکارانہ عطیات کے فروغ اور آگہی پھیلانے کے لئے یوفون کی جانب سے کراچی کے انڈس اسپتال کے ساتھ شراکت داری میں یوفون کے ریجنل آفس اور کال سینٹر میں خون کے عطیات جمع کرنے کے لئے مہم کا انعقاد کیا گیا۔ یوفون رضاکار گروپ (یو وی جی) کے ارکان کی جانب سے خون کے عطیات کی مہم کی قیادت کی گئی۔ 

اس شراکت داری کے تحت خون کا عطیہ دینے والوں کا مفت میڈیکل چیک اپ اور کسی معاوضے کے بغیر 9 مختلف بلڈ ٹیسٹس کئے گئے جن میں ہیپاٹائٹس بی (دو ٹیسٹ)، ہیپاٹائٹس سی، ایچ آئی وی (دو ٹیسٹ)، سائفلیز، ملیریا، بلڈ گروپ اور ہومو گلوبن شامل ہیں۔ 

خون کے عطیات کی مہم کی اہمیت کے بارے میں یوفون کے ہیڈ پی آر اینڈ سی ایس آر عامر پاشا نے بتایا، " خون کو مصنوعی طور پر تیار نہیں کیا جاسکتا، اس لئے ہنگامی موقع پر خون کی دستیابی کے لئے اسے عطیات کے ذریعے جمع کرنے کی ضرورت ہے ۔ کاروباری سطح پر رضاکارانہ افعال کی ادائیگی یوفون کی کاروباری سماجی ذمہ داری کے اقدامات کا ایک حصہ ہے۔ ہم لوگوں کی فلاح و بہبود کا احساس کرتے ہیں، اسی لئے عطیہ خون کی مہم کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ قوم کو 100 فیصد رضاکارانہ بنیادوں پر خون کے عطیات کی جانب مبذول کرایا جائے۔ "

اس اقدام کے بارے میں انڈس اسپتال کی ڈاکٹر صبا جمال نے بتایا، "انڈس اسپتال کا یہ تصور ہے کہ تمام بین الاقوامی معیارات کو پورا کرتے ہوئے معاشرے میں تمام طبقوں کو بلاامتیاز محفوظ ترین خون فراہم کیا جائے۔ ہم نے یوفون کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے خون کے عطیات کی مہم کا آغاز کرکے اس تصور پر زور دیا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا، "یوفون کے ملازمین نے اس مہم میں سرگرمی سے شرکت کرکے درحقیقت ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے جس سے ہمیں ملک گیر سطح پر خون کے رضاکارانہ عطیات کے تصور کو عملی شکل دینے میں مدد مل رہی ہے۔ "

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انڈس اسپتال بلڈ سینٹر پاکستان کا پہلا سینٹرلائزڈ بلڈ بینک ہے جو اب تک 194 شراکت داروں کے ساتھ خون کے عطیات کی 456 مہمات کا انعقاد کر چکا ہے جس میں خون کے عطیات دینے والے رضاکاروں کی تعداد غیرمعمولی طور پر 28 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ 



0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی