سالانہ 500 ارب کے بجٹ خسارے کے متحمل نہیں ہوسکتے ، ماہرین معاشیات

نجکاری کی ضرورت ہے، ضلعی ترقی کیلئے صوبائی فنانس کمیشن فعال کیا جائے، تقریب سے خطاب 

کراچی (وی او پی رپورٹر) پاکستان سالانہ 500 ارب روپے کے بجٹ خسارے کا متحمل نہیں ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں تیز رفتار نج کاری کی جائے۔ ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے کے لیے خوف وہراس کا ماحول ختم کرتے ہوئے نظام کو انتہائی سہل بنایا جائے۔پاکستان میں نجکاری ایک خراب لفظ بن گیا ہے حالانکہ ماضی میں خسارے میں چلنے والے متعدد بینکس ودیگر قومی ادارے نجی شعبے کی تحویل میں آنے کے بعد آج منافع بخش ادارے بن گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق گورنر اسٹیٹ بینک اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈین وڈائریکٹر ڈاکٹرعشرت حسین نے حال ہی میں کراچی پریس کلب میں کوکاکولا بیوریجزپاکستان لمیٹڈ کے تعاون سے منعقدہ بجٹ ڈسکشن فورم سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈاکٹرعشرت حسین نے کہا کہ

جہاں مقامی حکومتیں سرگرم ہوتی ہیں وہاں ٹیکسوں کی باقاعدگی کے ساتھ ادائیگیاں ہوتی ہیں، 18 ویں ترمیم کے تحت نچلی سطح تک اختیارات دینے کا عمل تاحال نامکمل ہے، لوکل گورنمنٹ کی سطح پراگراختیارات دیے جائیں تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہوسکیں گے، حکومت کو ٹیکس برائے جی ڈی پی تناسب بڑھانا ہے تو اسے یونین کونسل، تحصیل اور ضلعی کونسلز کو متحرک کرنا ہوگا، ترمیم کے بعد محاصل کا 60 فیصد حصہ صوبوں کے دائرہ کار میں آگیا ہے۔

ماہر معاشیات شبر زیدی نے کہا کہ

 صوبے وفاق سے نیشنل فنانس کارپوریشن کا حصہ لینے پر تو زور دیتے ہیں لیکن صوبوں نے خود صوبائی فنانس کمیشن کو غیرفعال کرکے رکھا ہے، حالانکہ آئین میں صوبائی فنانس کمیشن کا تذکرہ موجود ہے اور اگر اسے آئین کے مطابق فعال کردیا جائے تو صوبہ بھی اپنی آمدنی کا حصہ متعین فارمولے کے مطابق ضلع کو دینے کا پابند ہوگا جس سے اس صوبے کا ضلع بھی ترقی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چین نے ایشین انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ بینک 

قائم کردیا ہے جو 40 سالہ مدت کے لیے انتہائی کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی کرتا ہے، اس جانب بھی حکومت وقت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔


کوکا۔کولا بیوریجز پاکستان لمیٹڈ کے بجٹ ڈسکشن فورم کے موقع پر معروف ٹیکس ماہر شبر زیدی کراچی پریس کلب کے عہدیداروں سے یادگاری شیلڈ وصول کررہے ہیں۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین بھی موجود تھے۔ 

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی