5 تا 7 فروری کو منعقد ہونے والے کراچی لٹریچر فیسٹول میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا
کراچی: پائیدار مشاورتی پلیٹ فورم ٹرپل باٹم لائن (Triple Bottom-Line) کاروباری سماجی ذمہ داری کے شعبے میں منفرد انداز سے قومی رضاکار پروگرام (National Volunteer Programme) کا آغاز کررہی ہے۔ اس پروگرام کا آغاز ابتدائی طور پر کراچی سے کیا جائے گا جسے بعد میں ملک گیر سطح تک پھیلادیا جائے گا۔ قومی رضاکار پروگرام (این وی پی) کا تصور یہ ہے کہ ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرے کے لئے کوشش کی جائے جہاں سہولت یافتہ اور رحم دل افراد کے رضاکارانہ عمل کے ذریعے پسماندہ طبقے کو پریشانی سے باہر نکالا جائے۔
معاشرے میں رضاکارانہ عمل اپنی جگہ خود بناتا ہے تاہم این وی پی منظم پلیٹ فارم اور سروس کے باعث اس لئے منفرد ہے کہ اس کے ذریعے رضاکار اور فلاحی ادارے دونوں ہی کو بہترین فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ این وی پی اپنے مخصوص سافٹ ویئر اور مختص پورٹل (www.nvp.com.pk) کے ذریعے رضاکاروں کی دلچسپیوں اور مخصوص مہارتوں کو فلاحی اداروں کی مطلوبہ ضروریات سے ملاتی ہے۔ پہلے مرحلے میں رضاکارانہ ذمہ داریوں کے لئے کاروباری ایگزیکٹوز پر توجہ دیتے ہوئے یہ رضاکارانہ پروگرام ایک رابطے کا ذریعہ بنے گا۔ جس کی بدولت کاروباری رضاکاروں کو فلاحی اداروں کے وسیع شعبوں میں خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا ۔ این وی پی فلاحی اداروں کو درکار ماہر افرادی قوت کی فراہمی اور ان کی مستقل نگرانی میں کردار ادا کرے گی ۔ مزید برآں یہ کہ رضاکاروں، کاروباری شعبے اور دیگر کے ساتھ مل جل کر کام کرے گی تاکہ ایک منصفانہ اور رحم دل معاشرہ تشکیل دیا جاسکے۔
پاکستان میں جسمانی و دماغی بیماریوں سے دوچار،تعلیم سے محروم، غربت کا شکار کروڑوں بیوائیں اور یتیم بچوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات تک رسائی سے محروم ہیں۔ بہت سی این جی اوز اور فلاحی ادارے ان طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے انتھک کوششیں کررہے ہیں تاہم ان کی کاوشیں باقاعدہ فنڈنگ اور ناکافی افرادی قوت کے باعث متاثر ہوجاتی ہیں ۔ این وی پی کی کوشش ہے کہ باصلاحیت افرادی قوت کی کمی کو پورا کرتے ہوئے رضاکاروں کی نشاندہی کی جائے اور ان کو فلاحی ادروں سے منسلک کیا جائے تاکہ یہ ادارے ان رضاکاروں کی صلاحیت اور ان کے وقت سے مستفید ہوسکیں۔
رضاکاروں کے ذریعے فلاحی اداروں کے دائرہ کار کو مناسب حد تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ عالمی سطح پر کاروباری شعبہ اس میدان میں بہت آگے جاچکا ہے جہاں ان کے ایگزیکٹوز کو کاروباری سماجی ذمہ داری کے طور پر رسائی کی فراہمی سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے تاکہ وہ ہر ہفتے دفتر ی اوقات کے دوران مخصوص وقت کے لئے رضاکارانہ عمل سرانجام دے سکیں۔ اس ضمن میں بہت ساری تحقیق سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کاروباری افراد کی رضاکارانہ عمل میں شرکت تینوں شراکت داروں (کمپنی، رضاکار اور فلاحی ادارے) کے لئے انتہائی کارآمد ہے۔
این وی پی پروجیکٹ نے ابتدائی طور پر کوکا۔کولا پاکستان کے تعاون اور فنڈنگ کے ذریعے کام کا آغاز کیا ہے۔ اس ضمن میں 5 تا 7 فروری منعقد ہونے والے کراچی لٹریچر فیسٹول میں پروگرام کو ابتدائی مرحلے میں متعارف کرایا جائے گا۔ کوکا۔کولا گزشتہ لگاتار چار سال سے کراچی لٹریچر فیسٹول کا مددگار رہا ہے اور پاکستانی مصنف کی انگریزی زبان میں نان فکشن کتاب کے لئے ایوارڈ اسپانسر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ تین روز تک جاری رہنے والے اس فیسٹول میں آنے والے ہزاروں افراد کو پانی اور مشروبات کی بوتلیں اعزازی طور پر پیش کی جاتی ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں