کراچی: ایچ بی ایل نے فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کے51 فیصد شیئرز حاصل کر لئے ہیں۔ فرسٹ مائیکرو فنانس بینک پاکستان کا پہلا اور سب سے پرانا مائیکرو فنانس بینک ہے جو ملک کے 66 اضلاع میں 150 مقامات پر موجود ہے۔ فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کی بنیاد آغا خان رولر سپورٹ پروگرام (AKRSP ) کے کریڈٹ اور سیونگ پروگرام سے منسلک ہے جو 1982 میں شروع کیا گیا تھا۔اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران شہزادی زہرہ آغا خان اور پرنس رحیم آغا خان کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
فرسٹ مائیکرو فنانس بینک اپنے کسٹمرز کی تبدیل ہوتی ہوئی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف نوعیت کی پروڈکٹس اور سروسز فراہم کرتا ہے بشمول آسان شرائط کے حامل مختلف اقسام کے قرضے جو دیہی ، شہری اور نیم شہری علاقوں میں بینکاری کی سہولت سے غیر آ راستہ عوام کی مالی ضروریات کے مطابق ہوتے ہیں۔بینک تمام قرض خواہوں کیلئے کریڈٹ اور سیونگ سروسز کے ساتھ زندگی ، صحت اور مالی واجبات سے منسلک پریشانیوں سے نمٹنے کیلئے مائیکرو انشورنس پروڈکٹس بھی پیش کرتا ہے ۔
اس موقع پر اپنی رائے دیتے ہوئے ایچ بی ایل کے چیئرمین سلطان علی الانہ نے کہا
” یہ حصول ایچ بی ایل کے مالی شمولیت کے شعبے میں سر فہرست ادارہ بننے کے عزم کے مطابق ہے ۔ ہم پاکستان بھر میں رہنے والے معاشرے کے تمام طبقوں کو خدمات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔“
ایچ بی ایل کے پریذیڈینٹ اور سی ای او ، نعمان کے ڈار نے کہا
” آج کی سرمایہ کاری کی بدولت ایچ بی ایل مائیکرو فنانس کے شعبے سے براہ راست منسلک ہو جائیگا، شمولیت میں اضافہ کر سکے گا اور کسٹمر ز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کر سکے گا۔ ایچ بی ایل فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کو رہنمائی فراہم کرے گا اور ان کو برانچ لیس اور موبائل بینکنگ سروسز کے استعمال کے لئے ٹیکنالوجی فراہم کرے گا کیونکہ یہ سروسز معاشرے کے ایک بہت بڑے طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے نہایت موزوں ہیں۔ “
ایک تبصرہ شائع کریں