کوٹلی (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم نواشریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا کہ وزیراعظم کے دن گنے جاچکے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک پاناما لیکس کی تحقیقات جاری ہیں آپ اقتدار سے الگ رہیں۔
کوٹلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاناما لیکس نے ن لیگ کی حکومت کو لیک کرنا شروع کر دیاہے، ن لیگ کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ آج کل میاں صاحب کی حکومت ہچکولے کھا رہی ہے، وزیراعظم نوازشریف پاناما لیکس کیتحقیقات مکمل ہونے تک اقتدار سے الگ ہوجائیں اور پاناما لیکس سے بری ہوجائیں تووزارت عظمیٰ پر واپس آ جائیں۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آپ کی حکومت آئینی مدت پوری نہیں کرسکے گی، آپ لیڈر نہیں بزنس مین ہیں، بزنس مین سیاست نہیں بلکہ تجارت کرتے ہیں، میاں صاحب نے آج تک کشمیر میں مظالم کی مذمت نہیں کی، آسیہ اندارابی کی گرفتاری پر میاں صاحب نے ایک لفظ بھی نہیں کہا اور اپنے دور حکومت کے تین سال میں کشمیر کے ایشو پرکھل کر بات تک نہیں کی۔
بلاول نے کہا میاں صاحب قوم حساب مانگ رہی ہے اور آپ خاموش بیٹھے ہیں، ہر غلطی کرنے والے کو حساب دینا ہوگا،اورنج ٹرین دنیا کا مہنگا ترین منصوبہ ہے ، اورنج ٹرین 162ارب روپے سے بنائی جارہی ہے جبکہ کشمیر کا بجٹ 68 ارب روپے ہے۔ بلاول کا کہناتھا کہ جب بھی کشمیر کی بات کرتاہوں تو مودی حکومت اور بھارتی میڈیا میرے خلاف بات کرتے ہیں، یقین دلاتاہوں کہ پیپلز پارٹی کشمیریوں کے حقوق کی خاطر خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تعلیم کی بات اس لیے نہیں کرتے کیونکہ کہ وہاں لوہا استعمال نہیں ہو تا ۔
بلاول نے مزید کہا کہ دنیا میں انسانی حقوق کی بات تو کی جاتی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے ظلم پر آنکھیں بند کر لی جاتی ہیں، جنوبی ایشاءاور مشرق وسطیٰ میں امن ہو تو پوری دنیا میں امن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر یوں کا خون بہتا رہے گا، فسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جنون رہے گا دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتاہے ۔ ان کا کہناتھا کہ وہ یہ جلسہ شہید منشی گجر اور شہید یاسر کے نام کرتے ہیں، ہمارے کارکن ن لیگ کی دہشتگردی کا شکار ہوئے، میں وعدہ کرتاہوں کہ قاتلوں کو انجام تک پہنچاﺅں گا ۔
ایک تبصرہ شائع کریں