نئے انٹرنیٹ چیمپئن ’ I-Champ ‘ کی تلاش کے لیے ٹیلی نار پاکستان اور فیس بک کے مابین شراکت داری



 ’ I-Champ ‘ پروگرام دلچسپ تعلیمی نشستوں اور رئیلٹی ٹی وی شو کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو انٹرنیٹ کی تعلیم اور اس کے محفوظ استعمال سے متعلق آگہی فراہم کرے گا

اسلام آباد:  ٹیلی نار پاکستان اور فیس بک نے پاکستان میں معلومات کے فروغ پر مبنی پروگرام ”انٹرنیٹ چیمپئن ۔ I-Champ کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت ملک گیر سطح پر اسکولوں کے طلبہ کے مابین مقابلے اور نیشنل ٹی وی پر رئیلیٹی شو منعقد کیے جائیں گے۔ I-Champکی تعارفی تقریب راولپنڈی کے نجی اسکول میں منعقد ہوئی جس میں ٹیلی نار پاکستان اور فیس بک کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ 

I-Champ 2017کا مقصد پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر اسکولوں کے طلبہ اور نوجوانوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کے طریقوں اور فوائد سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کو فیس بک کے فری بیسکس(Free Basics) پراجیکٹ کا تعاون حاصل ہے جس کے تحت درجنوں تفریحی اور معلوماتی ویب سائٹس تک مفت رسائی فراہم کی جاتی ہے۔ اس پروگرام کے تحت ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے 76 ڈسٹرکٹس کے 6لاکھ سے زائد طلبہ کو ماہرین فری بیسکس کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے اور انہیں ہینڈ بک سمیت دیگر وسائل مفت مہیا کیے جائیں گے۔ 

پروگرام کے پہلے مرحلے میں انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ اور مثبت استعمال کے بارے میں 1600سے زائد اسکولوں میں I-Champ تربیتی نشستوں اور مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا اور ضلعی سطح کے مقابلوں کے لیے ہر اسکول سے تین طلبہ کو منتخب کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں ضلعی سطح کے مقابلے ضلعی ہیڈ کوارٹرکے بڑے اسکول میںمنعقد کیے جائیں گے جس میںجیتنے والے تمام طلبہ حصہ لیں گے اور ان میں سے تین طلبہ کا صوبائی سطح کے مقابلوں کے لیے انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں صوبوں کی سطح پر صوبائی دارلحکومت میں مقابلے منعقد ہوں گے اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر کامیاب ہونے والے طلبہ شرکت کریں گے۔ اس مرحلے میں ہر صوبے سے تین طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا۔

 ملک بھر سے مقابلوں میں منتخب ہونے والے 12 طلبہ ٹی وی پر ہونے والے رئیلیٹی شو میں اپنی صلاحیتیں آزمائیں گے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور سب سے بڑا شو ہوگا جس میں پاکستان بھر کے طلبہ ٹیلی نار پاکستان کے ڈیجیٹل سروسز کی عام فراہمی اور موبائل انٹرنیٹ کے ذریعے تحصیل ِعلم کے مقصد میں معاونت فراہم کرنے کے لیے شرکت کریں گے۔ پندرہ اقساط پر مشتمل اس رئیلیٹی شو میں طلبہ انٹرنیٹ کے مثبت اور تعمیری کاموں کے لیے استعمال سے متعلق اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اور منتخب ہونے والے I-Champ کے نام کا اعلان ایک گرینڈ فائنل مقابلے میں کیا جائے گا۔ اس شو میں فری بیسکس کو استعمال کرتے ہوئے مقابلے کے شرکاءکو موبائل فونز کے ذریعے سوالات کے درست جواب تلاش کرنے کی سہولت مہیا کی جائے گی تاکہ سیلولر انٹرنیٹ کی تعلیم کے فروغ اور سیکھنے سکھانے کی افادیت کو اجاگر کیا جاسکے ۔

اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیس بک کے ڈائریکٹر آف پارٹنر شپس Ime Archibong نے کہا کہ”ہم پاکستان میں انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل سروسز کی سہولت سے محروم نوجوانوں کو ان جدید سروسز کی آگہی دینے کے لیے " Telenor I-Champ" کا حصہ بننے پر بے حد مسرور ہیں۔ Telenor I-Champاور ہمارا فری بیسکس پروگرام یکساں مقاصد کے حامل ہیںجن کا مقصد نئی نسل کو موبائل فون کے ذریعے بلامعاوضہ سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل لرننگ ٹولز اور تعلیمی خدمات کی مدد سے بااختیار بنانا ہے ۔فری بیسکس پلیٹ فارم سے مہیا کی جانے والی 800 سے زائد خدمات کے ذریعے ہم دنیا بھر میں اب تک 50ملین سے زائد افراد کو فری بیسکس سے منسلک کرچکے ہیں اور ٹیلی نار کے ساتھ I-Champکے لیے شراکت کرتے ہوئے ہمیں پوری امید ہے کہ پاکستان میں بھی طلبہ اور والدین انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے کے اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔“

اس بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب خان نے کہا کہ ”میں انٹرنیٹ چیمپئن پروگرام کے بھرپور آغاز پر بے حد خوش ہوں۔ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ٹیلی نار پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اپنے معاشرے کو بااختیار بنانے اور ملک میں ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ کے لیے اپنے پختہ عزم کے ساتھ ہم اس سمت میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ آن والی نسل کو ڈیجیٹل طور پر ذمہ دار بناسکیں۔“
پاکستان میں I-Champ کا آغاز 2012میں ہوا اور یہ پروگرام اسکولوں کے طلبہ میں انٹرنیٹ کے محفوظ اور تعمیری استعمال کے بارے میں سیکھنے کا اہم ذریعہ بنا ہوا ہے۔ 2012-13میں اپنے پہلے مرحلے میں پروگرام کے ذریعے 1603اسکولوں میں 6لاکھ 32ہزار 289طلباءکو تربیت فراہم کی گئی ان میں سے 61ہزار 380طلبہ کو اعلیٰ تربیت کا حامل قرار دیا گیا۔ 

I-Champکا مضبوط پلیٹ فارم بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور تفریحی و تعلیمی مقاصد کے لیے انٹرنیٹ کے استعمال کی افادیت اجاگر کرنے کے لیے ٹیلی نار کی کوششوں کو تقویت فراہم کرتا ہے۔ ان کوششوں کے علاوہ ٹیلی نار پاکستان نے حال ہی میں بچوں کی انٹرنیٹ سیفٹی کے بارے میں والدین کے لیے رہنماءکتابچہ ” انٹرنیٹ سیفٹی گائیڈ بک“ اردو اور انگریزی زبانوں میں متعارف کرائی ہے جو درج اس لنک پر بلاقیمت دستیاب ہے۔ 

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی