کشف فاؤنڈیشن اور کوکا۔کولا کا #خواتین کو ری سائیکلنگ کے ذریعے خود کفیل بنانے کے لئے اشتراک
لاہور، 12نومبر، 2020۔ کشف فاؤنڈیشن نے دی کوکا۔کولا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے لاہور اور فیصل آباد میں کم آمدن سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین کو ہنرمندی کی تربیت کی فراہمی کے لئے خصوصی پروگرام "ری سائیکلنگ سے خواتین کی خود کفالت " (recycling for women empowerment)کے تحت جدید ترین چھ تربیتی مراکز کا آغاز کیا ہے۔ اس تربیت کے حصول سے یہ خواتین پلاسٹک (پی ای ٹی)بوتلوں، اخباروں اور دیگر طرح کے پلاسٹک کو دوبارہ استعمال میں لاکر پین ہولڈرز، لفافے اور بیگ جیسی روزمرہ استعمال میں آنے والی قابل فروخت چیزیں تیار کرسکیں گی اور پھر وہ ان اشیاء کو مقامی مارکیٹ میں فروخت بھی کرسکیں گی اور اس طرح اپنے گھرانے کے لئے مناسب آمدن کے حصول کے ذریعے وہ معاشی طور پر بااختیار بنیں گی۔
یہ پروگرام کچرے میں کمی لاکر موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے نبرد آزما ہونے میں پاکستانی خواتین کے کردار کو اہمیت دیتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہر سال عالمی معیشت کو 520 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے اور اسکے نتیجے میں 26 ملین افراد غربت کے گڑھے میں جاگرتے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پانی کی دستیابی کم ہونے سے گندم اور کپاس کی پیداوار میں بڑی کمی متوقع ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث مستقبل میں اسکے منفی معاشی و سماجی اثرات کا خدشہ ہے۔ اس لئے وقت کا تقاضہ ہے کہ مستحکم مستقبل کے لئے تمام ذرائع استعمال کرکے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ پر قابو پایا جائے۔
اس پروگرام کے تحت خواتین کو مارکیٹ میں اپنی مہارت اور ہنر کے اظہار کے لئے جامع تربیت بھی فراہم کی جائے گی اور وہ مارکیٹوں کا دورہ کرکے موجودہ رجحان اور ڈیزائنز سے بھی اپنی سمجھ بوجھ میں اضافہ کرسکیں گی۔ اس اقدام کا یہ عزم بھی ہے کہ روزمرہ لین دین کے لئے ڈیجیٹل فنانسنگ حاصل کرنے کے ساتھ ہی ساتھ آن لائن مارکیٹنگ کو بروئے کار لاتے ہوئے بڑی تعداد میں صارفین کو مصنوعات کی فروخت کے لئے تربیت کی فراہمی سے انکی تکنیکی مہارت میں اضافہ لایا جائے۔
اس پروگرام کے مقاصد اور کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کشف فاؤنڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر روشانہ ظفر نے کہا، "خواتین کی بااختیاری کے لئے یہ پروگرام ملک میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد اقدام ہے اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والی خواتین کے روزگار کے مواقع میں بہتری لانے کے لئے نہ صرف انکی مہارتیں بڑھانے میں جامع کردار ادا کرے گا بلکہ ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں بھی اسکی اہمیت ہوگی۔ اس پروگرام کی بدولت موسمیاتی تبدیلی سے نبردآزما بااختیار خواتین کی اہمیت بھی سامنے آئے گی۔"
اس پروگرام کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے دی کوکا۔کولا ایکسپورٹ کارپوریشن برائے پاکستان و افغانستان ریجن کے وائس پریذیڈنٹ اور جنرل منیجر فہد اشرف نے کہا، "اس اقدام کی بدولت نہ صرف مستحق خواتین کو مقامی مارکیٹ میں منفرد مصنوعات کی فراہمی سے مدد ملے گی جبکہ کچرے میں کمی آنے سے ماحولیات کو تحفظ بھی حاصل ہوگا، وگرنہ ہماری اراضی اور سمندر مزید آلودہ ہوں گے۔ دی کوکا۔کولا کمپنی جرات اور پرعزم اہداف کے ساتھ اس انڈسٹری میں قائدانہ کردار ادا کررہی ہے۔ اس کا ہدف ہے کہ 2030 تک کوکا۔کولا اپنے ورلڈ ود آؤٹ ویسٹ (World Without Waste) پروگرام کے تحت پوری دنیا میں متعارف کرائی جانے والی ہر پروڈکٹ کی مساوی تعداد میں پی ای ٹی بوتلیں اور کین ری سائیکل کرنے میں مدد فراہم کرے گا اور وہ اپنے اس کردار کی ادائیگی کے لئے پرعزم ہے۔"
دی کوکا۔کولا فاؤنڈیشن اور کشف فاؤنڈیشن کے درمیان سال 2010 سے اشتراک جاری ہے جس میں کم آمدن والے گھرانے کی خواتین کو معاشی بااختیار بنانے پر کام کیا جاتا ہے۔ گزشتہ سالوں میں یہ اشتراک ملک میں چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والی خواتین کے سماجی و معاشی حالات میں تبدیلی کے عمل کا اہم حصہ بن گیا ہے۔ ٹی سی سی ایف کے 5 بائی 20 پروگرام (5by20) کے تحت سال 2020 تک عالمی سطح پر 5 ملین خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کا عزم ہے۔ اس سلسلے میں کشف اب تک 9 ہزار 972 خواتین کو اپنے کاروبار قائم کرنے اور انہیں پھیلانے کی غرض سے قرضے فراہم کرچکا ہے۔ اس اشتراک کی بدولت متعدد ووکیشنل تربیتی اقدامات کے ذریعے کم آمدن والے گھرانوں کی 1600 سے زائد خواتین کو پہلے ہی نئے ہنر سیکھنے کی تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں