اسلام آباد: پاکستانی ٹیلی کام کمپنی یوفون4G نے حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے پولیو کے خاتمے سے متعلق عوام میں آگہی کے فروغ کے لئے پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام (پی ای آئی) کے ساتھ مشترکہ اقدامات کے لیے اشتراک قائم کرلیا ہے۔ اس مشن کی تکمیل کے لئے یوفون 4G نے خیبر پختونخوا، جنوبی خیبر پختونخواہ، بلوچستان، سندھ، پنجاب اور اسلام آباد کے اضلاع میں ایس ایم ایس نشریات کی ایک وسیع مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ پاکستان کے طول و عرض تک یہ اہم پیغام پہنچایا جاسکے۔
یوفون 4G اپنی خصوصی حکمت عملی کے تحت اس ایس ایم ایس مہم کے ذریعے اپنے صارفین میں آگاہی پیدا کرے گی جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی کو فروغ دینے کے کمپنی کے مضبوط عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ بحیثیت ٹیلی کام کمپنی یوفون 4G اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے علاوہ ملک میں سماجی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور اپنی خدمات کو لوگوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پیش پیش ہے۔ پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کی جانب سے ٹیکہ جات مہم 15 مئی 2023 سے شروع کی جارہی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف مارکیٹنگ آفیسریوفون 4G، سید عاطف رضا نے کہا،”ایک سماجی لحاظ سے ذمہ دار پاکستانی کمپنی کی حیثیت سے یوفون 4G پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے ساتھ اشتراک کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی کہ ملک میں ہر بچے کو پولیو سے حفاظت کے قطرے پلائے جائیں۔ ان مشترکہ مہمات، کمیونٹی آؤٹ ریچ کے پروگرامز اور وسیع نیٹ ورک کے ذریعے ہم اپنے پیغام کو پورے پاکستان میں پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد پولیو کے قطرے پلانے سے متعلق آگاہی کا فروغ اوراس کی ہنگامی نوعیت کے حوالے سے لوگوں میں احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے شانہ بشانہ کام کرنے کا ہمارا مقصد پولیو کا خاتمہ، معاشرے میں بچوں کی صحت،فلاح و بہبود اور ان کے مستقبل کا تحفظ کرنا ہے۔“
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام پولیو کے خلاف اپنی جدوجہد میں یوفون 4G کے ساتھ تعاون پر خوش ہے۔ یوفون کے جدید 4G نیٹ ورک کی مدد سے ہم اپنا پیغام پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ اس اہم اشتراک کے ذریعے ہم اپنے اجتماعی وسائل اور مہارتوں کو یکجا کرنے کا عزم رکھتے ہیں تاکہ ملک کے ہر بچے کے لیے پولیو سے پاک مستقبل یقینی بنایا جاسکے۔“
لوگوں کی فلاح و بہبود کے اپنے مضبوط عزم کے تحت یوفون 4G غیر متزلزل عزم کی ایک روشن مثال بننے اور پاکستان کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ ختم شد۔
ایک تبصرہ شائع کریں