نہال نسیم کا گیت 'بے قدرا' اسپاٹیفائی کے ٹاپ 10 چارٹس میں مسلسل ابھر کر آر ہا ہے
کراچی : اسپاٹیفائی کی فریش فائنڈز پاکستان کی فہرست میں 17 سالہ گلوکارہ نہال نسیم بھی شامل ہوگئی ہیں۔ انکا افتتاحی گیت 'بے قدرا' گزشتہ 12 ہفتوں سے مختلف اسپاٹیفائی چارٹس پر مسلسل موجود ہے جبکہ فروری کے دوران فریش فائنڈز پاکستان میں یہ ٹاپ آرٹسٹ بن گئیں تھیں۔ انہوں نے مقامی میوزک انڈسٹری میں ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی تیزی سے بڑھنے والی فہرست میں اپنی جگہ قابل ذکر انداز سے بنالی ہے۔
دو نئے موسیقاروں عبدالحنان اور علیم۔آر کے کی کامیابی کے بعد نہال نسیم حالیہ موسیقار ہیں جنہوں نے فریش فائنڈسزپی کے (Fresh Finds PK)میں ابھر کر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے جس کا إحساس انکے ماہانہ سامعین میں 2852 فیصد اضافے سے ہوتا ہے۔
اسپاٹیفائی کی سینئر ایڈیٹر برائے پاکستان، سری لنکا و بنگلہ دیش، رطابہ یعقوب نے کہا،" 13 فروری کو اپنے دل سوز گیت 'بے قدرا' کے ساتھ فریش فائنڈز میں شامل ہونے والی نہال کی اسٹریمز 2 ملین سے تجاوز کرچکی ہیں اور اس میں اضافہ بدستور جاری ہے۔ فریش فائنڈز کے ذریعے ہمارا عزم ہے کہ ایسی خوبصورت آوازیں سامنے لائیں جنہیں لوگ پسند کریں اور انہیں آگے بڑھنے کے لئے محض حوصلہ افزائی کی ضرورت ہو۔ فریش فائنڈز میں دیگر خوبصورت آوازوں کو سامنے لانے کے ساتھ ہم نے نہال کو مختلف پلے لسٹس میں شامل کرکے اپنا تعاون پیش کیا ہے۔ یہ گیت بڑی پلے لسٹس جیسے 'پکا ہٹ ہے'،' پاکستانی پاپ'، 'ہاٹ ہٹس پاکستان'، 'دیسی اِنڈی 'وغیرہ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ "
اسپاٹیفائی کے آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر برائے پاکستان، سری لنکاو بنگلہ دیش خان ایف ایم نے کہا، "نئے گلوکاروں کو سامنے لانے کے لئے فریش فائنڈز پلے لسٹ ایک بہترین پلے لسٹ ثابت ہورہی ہے۔ ہم نے عبدالحنان، علیم۔ آر کے اور ذوقان جیسے گلوکاروں کا ٹیلنٹ ملاحظہ کیا ہے اور فریش فائنڈز میں انکا میوزک سامنے آنے پر انہیں بھرپور توجہ ملی ہے اور یہی معاملہ نہال نسیم کا بھی ہے۔ پاکستان میں میوزک کی مشہور آئی پیز (IP's)کے ساتھ ساتھ میوزک لیبلز باقاعدگی سے فریش فائنڈز کی پلے لسٹ میں نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرتے ہیں۔''
نہال نسیم میوزک کی دنیا میں نئی نہیں ہیں بلکہ اپنے بچپن سے ہی وہ متعدد مشہور گیتوں کے کور گاچکی ہیں۔ ان کے پرستار شائد یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ وہ سال 2016 میں 11 سال کی عمر میں مقبول ڈرامہ 'من مائل 'کے ٹائٹل گیت گانے کی وائرل ویڈیو والی لڑکی ہیں جس نے سوشل میڈیا پر قوم کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی تھی۔
ایک تبصرہ شائع کریں