ماجد الفطیم ریٹیل نے پاکستان میں ریٹیل گریجویٹ پروگرام کے لئے پاکستانی یونیورسٹیز بشمول آئی بی اے اور ایل ایس ای متعارف کروادیا

 ماجد الفطیم ریٹیل نے پاکستان میں ریٹیل گریجویٹ پروگرام کے لئے پاکستانی یونیورسٹیز بشمول  آئی بی اے اور ایل ایس ای متعارف کروادیا 

لاہور:  پاکستان میں ماجد الفطیم کی جانب سے فعال ادارے کارفور نے پاکستان سمیت چھ ممالک بشمول مصر، جارجیا، اردن، کینیا، اور متحدہ عرب امارات کی 12 بہترین یونیورسٹیوں کے تعاون سے اپنے جدیدریٹیل گریجویٹ پروگرام (Retail Graduate Programme)کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ ماجد الفطیم ریٹیل کا مقصد اپنے علاقائی کارفور آپریشنز کے لئے 75 شہریوں کو بااختیار بنا نا ہے، جس میں باصلاحیت خواتین امیدواروں کے لئے  50 فیصد پوزیشنز کا ہدف رکھا گیا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لئے ماجد الفطیم ریٹیل کی کاوشوں کو بڑھائے گا بلکہ تعلیمی اداروں کے ساتھ دیرپا تعلقات بھی قائم ہوں گے۔ 



اس حوالے سے ماجد الفطیم ریٹیل نے پاکستان میں لاہور اسکول آف اکنامکس (ایل ایس ای) اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے)کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے ماجد الفطیم ریٹیل ایک مشترکہ اور فعال پلیٹ فارم قائم کرکے ٹیلنٹ کوفروغ دے گا اور اہل افرادی قوت کو پروان چڑھانے میں سہولت فراہم کرے گا۔ 


اس پروگرام کے لئے منتخب امیدواروں کو 24 ماہ کی آن جاب ٹریننگ دی جائے گی، جس میں اسٹور میں آپریشنز، ای کامرس، اور تجارتی امور شامل ہیں۔ یہ طریقہ کار سیکھنے کا مجموعی عمل یقینی بنائے گا اور شرکاء کو جدید ریٹیل انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں سے متعلق بھرپور آگہی فراہم ہوگی۔ اس پروگرام کی کامیاب تکمیل پر گریجویٹس کو کارفور میں فل ٹائم سپروائزری عہدے حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔


پروگرام کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کارفور پاکستان کے کنٹری منیجر، عمر حبیب خان لودھی نے کہاکہ، ”ریٹیل گریجویٹ پروگرام نوجوان نسل کو ریٹیل انڈسٹری میں  کیریئر کا آغاز فراہم کرنے سے متعلق ہمارے عزم کا اظہار ہے۔ہمارا مقصد ملازمت سے متعلق جامع تربیت اور کاروبار کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرکے ان گریجویٹس کے کیریئر کوترقی دینا اورمستقبل میں ریٹیل کیلئے ایک مضبوط قیادت تیار کرناہے۔“


ان یونیورسٹیوں کی شمولیت سے جاب فیئرز اور آن کیمپس کیریئر پروگرامز اور سیشنز کے انعقاد میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح، گروسری ریٹیل بزنس اور اس کے مختلف امور کے بارے میں شعور اجاگر کیا جاسکے گا جبکہ طالب علموں کو بھی ریٹیل کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوسکیں گی۔ 


عمر حبیب خان لودھی نے مزید کہاکہ،”ماجد الفطیم ریٹیل میں ہم نوجوان پاکستانی ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری کرنے اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے درکار وسائل فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارا ریٹیل گریجویٹ پروگرام ان افراد کی پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے کے لئے تیار کیا گیا ہے، جبکہ مقامی آبادی پر مثبت سماجی اثرات پیدا کرنے سے متعلق ہمارے وژن کا بھی ثبوت ہے۔ یہ پروگرام تعلیمی اور پیشہ ورانہ سطح پر فاصلے کم کرنے سے متعلق پاکستان کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جبکہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہمارے عزم کوظاہرکرتا ہے۔“


خواہش مند امیدوار 31 اگست 2023 سے پہلے اس لنک (https://careers.majidalfuttaim.com/job/Retail-Graduate-Program-Pakistan/966310401/)کو وزٹ کرکے اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ ان کورسزکا آغاز یکم اکتوبر 2023 سے ہوگا۔


 ماجد الفطیم ریٹیل، ایل ایس ای اور آئی بی اے کے درمیان اس مشترکہ اشتراک کا مقصد تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان خلا کو ختم کرنا، ریٹیل کے شعبے میں ترقی لانا اور جدت کو فروغ دینا ہے۔


0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی