جوبلی لائف انشورنس اور ٹیلی نار پاکستان کا اپولو ایپ کے ذریعے ملک بھر میں انشورنس کی رسائی میں سہولت فراہم

کراچی :  پاکستان میں نجی شعبے کی سب سے بڑی انشورنس کمپنی، جوبلی لائف انشورنس نے ملک بھر میں ہیلتھ اور لائف انشورنس خدمات کی انتہائی باسہولت انداز سے فراہمی کے لئے ملک کے صف اول کے ٹیلی کام ادارہ، ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس اشتراک کے تحت جوبلی لائف کی انشورنس مصنوعات کو اپولو ایپ (Apollo app) میں براہ راست شامل کیا جائے گا۔ یہ ٹیلی نار کا فلیگ شپ پلیٹ فارم ہے جو پاکستان بھر میں 1 لاکھ 20 ہزار ریٹیلرز کے مستحکم نیٹ ورک کو اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔ 




اپولو، ٹیلی نار پاکستان کی خصوصی پروڈکٹ ہے جو جدت میں پیش پیش ہے۔ یہ ایک جامع ڈیجیٹل حل ہے جو روایتی ریٹیل ڈسٹری بیوشن کے منظر نامے کو جدید  دنیا میں دوبارہ ترتیب دے رہا ہے جس میں اپولو کے ریٹیلرز تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ اپنے جدید ڈیزائن کے ذریعے اپولو اپنے ریٹیلرز کو پہلے سے کہیں زیادہ موثر طریقے سے لوگوں کے ساتھ رابطے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔   

جوبلی لائف انشورنس اور ٹیلی نار پاکستان اپنی مشترکہ مہارت کے ذریعے ملک میں انشورنس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کے لئے تیار ہیں۔ اس اقدام کی بدولت ٹیلی نار پاکستان کے ریٹیلرز کے ذریعے لاکھوں پاکستانی بحفاظت انشورنس پالیسیز کے حصول کیلئے بااختیار ہوں گے جس کے نتیجے میں سادہ اور تیزرفتار انشورنس کے حصول کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ یہ آسان اور باسہولت طریقہ کار قوم کی بدلتی ہوئی ضرورت کو تیزی سے پورا کرتا ہے جس میں خاص طور پر نوجوان نسل اپنی سہولت اور آسانی کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے۔ 

جوبلی لائف انشورنس میں ریٹیل آپریشنز، مارکیٹنگ و  ایڈمنسٹریشن کے گروپ ہیڈ فرحان فریدی نے کہا، "جیسے جیسے معاشرے میں تبدیلی آرہی ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز بھی ہماری روزمرہ زندگی کا جامع حصہ بن گئی ہیں۔ ہم اس بات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری آبادی کا قابل ذکر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو نت نئی ٹیکنالوجی کو قبول کررہے ہیں۔ جوبلی لائف نوجوانوں میں انشورنس پلانز سے متعلق آگہی پھیلانے کیلئے پرعزم ہے، اور ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ اشتراک ہمارے اس عزم کا ثبوت ہے کہ ہم انشورنس کوریج کی رسائی کو آسان اور ڈیجیٹل دور کے مطابق بنانے کے لئے سرگرم ہیں۔''

ٹیلی نار پاکستان کے چیف مارکیٹنگ آفیسر، عمر بن طارق نے کہا، "ٹیلی نار پاکستان جدت انگیز سہولیات کی فراہمی کے ساتھ اپنے صارفین کی زندگی آسان بنانے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ جوبلی لائف انشورنس کے ساتھ اشتراک ہمارے مشن سے ہم آہنگ ہے جس کے نتیجے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے صارفین اور پارٹنرز کو بااختیار بنایا جائے گا۔ ہم جوبلی لائف انشورنس جیسے قائدانہ کردار کے حامل ادارہ سے مل کر پاکستان میں انشورنس کے پھیلاؤ اور اسکے تصور کو نئی شکل دینے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔''

اس اشتراک کی بدولت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی طاقت کو بروئے کار لاکر نوجوان نسل کی ترجیحات کو پورا کیا جائے گا۔ اس حوالے سے اپولو ایپ کے اندر انشورنس مصنوعات کی شمولیت پاکستانیوں کے لئے انشورنس کوریج میں اضافے، سادہ طریقہ کار اور بہتر مالی تحفظ کی طرف نمایاں قدم ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی