کراچی: عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پاکستان میں نوجوانوں کی موسیقی میں رجحانات پر تازہ اعداد و شمار سامنے لے آیا ہے۔ پاکستان میں ھپ ہاپ، ریپ اور الیکٹرو بیٹس کے امتزاج کے ساتھ دیگر اصناف کے میوزک منظر عام پر آئی ہے اور حالیہ اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں نوجوان نسل مختلف اقسام کی میوزک سے محظوظ ہوتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار 2 جولائی 2023 تا 2 اگست 2023 کے دورانیہ سے لئے گئے ہیں۔
نوجوانوں اور ان کی پسندیدہ قسم میں ''فلمی'' گیت اور ''ماڈرن بالی ووڈ'' کے گیت سب سے زیادہ اسٹریم شدہ موسیقی کے طور پر ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔ اس کے بعد دیسی پاپ، پاپ اور پنجابی پاپ ہیں کیونکہ ملک بھر میں ہائی باس بیٹس کو سنا جارہا ہے۔ پاکستان کے نوجوان زیادہ تر رات کے وقت میوزک کی اسٹریمنگ کو ترجیح دیتے ہیں اور ان میں اکثریت رات 10 بجے سے 12 بجے کے درمیان اسپاٹیفائی پر اسٹریمنگ کرتی ہے۔
16 سے 20 سال کی عمر کے سامعین کے لیے ایمی گل اور توشی کا گیت 'لگڈا نہیں ' سب سے زیادہ اسٹریم ہونے والا گیت ہے۔ اس کے بعد عبدالحنان اور روولیو کی شاندار جوڑی کے گیت 'بکھرا' اور 'ارادے'، بیان کا'نہیں ملتا'، طلحہ انجم اور عمیر کا'ڈاؤنرز ایٹ ڈسک' کے ساتھ فارس شفیع کا 'انٹروڈکشن' شامل ہیں۔ 21 سے 27 سال کی عمر کے سامعین کے لیے 'ارادے' اور 'بکھرا' چارٹ میں سرفہرست ہیں اور 'لگڈا نہیں ' تیسرے نمبر پر برا جمان ہے۔
پاکستان میں طلحہ انجم نوجوانوں میں سب سے زیادہ اسٹریم کئے جانے والے گلوکاروں کے طور پر سرفہرست ہیں۔ ان کے بعد عظیم پاپ گلوکار عاطف اسلم ہیں اور پھر اسپاٹیفائی کے فریش فائنڈز کی دریافت عبدالحنان کا نمبر آتا ہے جنہوں نے عالمی سطح پر قابل ذکر توجہ حاصل کرلی ہے۔
پاکستان میں اسپاٹیفائی کے آغاز نے نوجوان نسل میں موسیقی کے نئے رجحانات کو تقویت دے کر انہیں ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ میوزک اسٹریمنگ سروس کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ٹاپ لوکل پلے لسٹس میں جین زی افراد کے لیے 'ہاٹ ہٹس پاکستان'، 'شادی ہٹس'، 'دیسی ہٹس'، 'دیسی لوفی' اور 'پنجابی سوس' شامل ہیں۔ جہاں تک ملینیلز افراد کا تعلق ہے، تو ٹاپ دو لسٹس پہلے کی طرح موجود ہیں جبکہ 'پکا ہٹ ہے' اور 'دیسی ہٹس' تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ ''دیسی لوفی'' پانچویں نمبر پر ہے جس سے ٹاپ فائیو پلے لسٹ مکمل ہوجاتی ہے۔
بین الاقوامی گلوکاروں کے لحاظ سے اداس گیتوں میں ارجیت سنگھ وہ گلوکار ہیں جنہیں دونوں ایج گروپ 16 تا 20 سال والے اور 21 تا 27سال والے سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔ پریتم، ٹیلر سوئفٹ، شوبھ اور اے پی ڈھلن،وہ چار دیگر گلوکار ہیں جن کے ساتھ اسکی ٹاپ فائیو کی لسٹ مکمل ہوجاتی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں