او آئی سی سی آئی اور یو این ڈی پی کا پائیدار اور جامع پاکستان کیلئے اشتراک

کراچی: اوورسیز انوسٹرزچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI)نے پائیدار اور جامع پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کیلئے اہم قدم کے طورپر اقومِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام پاکستان(UNDP)کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

اس شراکت داری کے تحت صنفی مساوات،ڈائیورسٹی،شمولیت اور سماجی اثرات کی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنے کے اقدامات اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs)کیلئے دونوں اداروں کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس موقع پر او آئی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو /سیکریٹری جنرل ایم عبد العلیم نے یواین ڈی پی کے ساتھ شراکت داری پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر ہم موئثر تحقیقی رپورٹس،ایڈوکیسی کمیپینز اور علم کے اشتراک کیلئے اجتماعی مہارت سے فائدہ اٹھانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
اس موقع پر یو این ڈی پی پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر سیموئل رزک نے کہاکہ پاکستان میں بینک ایبلٹی بڑھ رہی ہے اور یہ شراکت دار ی اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروبار منافع بخش اور سماجی طوپر ذمہ دار ہوسکتے ہیں۔



گزشتہ 2سالوں میں او آئی سی سی آئی پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی مہم میں اہم کردار ادا کررہاہے اور او آئی سی سی آئی نے 2022اور 2023میں پاکستان کلائمیٹ کانفرنس کا انعقاد بھی کیا ہے۔ان دونوں کانفرنسز اور COP28کی سفارشات کو2جامع کلائمیٹ رپورٹس میں جمع کیا گیا ہے۔ یہ رپورٹس یکساں طورپر پالیسی سازوں اور کاروباری اداروں کیلئے اہم وسائل کے طورپر کام کرتی ہیں جوکہ ایک سرسبز مستقبل کی طرف ایک راستہ طے کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ او آئی سی سی آئی نے اپنے سالانہ ویمن ایمپاورمنٹ ایوارڈز کے ذریعے خواتین کو با اختیار بنانے کی مسلسل سپورٹ کی ہے اور ایک ایسے کاروباری ماحول کو فروغ دیا ہے جو خواتین انٹرپنیورز اور لیڈرز تیا ر کرتاہے۔ تنظیم کا وائیٹ پیپر "پاکستان کی معیشت میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ"صنفی مساوات کو بڑھانے اور اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف 5اور 8کے مطابق جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے قابلِ عمل سفارشات فراہم کرتاہے۔ یہ کاوشیں مثبت سماجی اور ماحولیاتی اثرات پیدا کرنے کیلئے وسیع عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے او آئی سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے رکن اینڈریو بیلی نے کہاکہ او آئی سی سی آئی کا مقصد ایک ایسے ماحول کو فروغ دینا ہے جہاں کاروبار،حکومت اور عوام ترقی کرسکیں اور پاکستان کیلئے زیادہ مساوی اور پائیدار مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ یہ شراکت داری ہمارے مشترکہ مقاصد کے حصول اور جن لوگوں کو ہم خدمات فراہم کرتے ہیں ان کی زندگیوں میں ایک بامعنی تبدیلی لانے کی طرف ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔

یہ شراکت داری کیپیسٹی بلڈنگ،پالیسی ریسرچ اور ایڈوکیسی اور پبلک کمیونیکیشن اور گرین فنانس،موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے اقدامات، توانائی، تنوع اور شمولیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے موضوعات پر مہم چلانے پر توجہ مرکوزکرے گی۔ اس شراکت داری کا بنیادی مقصد حکومت، ڈیولپمنٹ شراکت داروں اور نجی شعبے کی ترقی خاص طورپر ای ایس جی، ایس ڈی جیز اور کلائمیٹ سرمایہ کاری کیلئے مالی اعانت کومتحرک کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی