فاطمہ فرٹیلائزر اور زرعی ترقیاتی بینک کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط، چھوٹے کسانوں کو مالی سہولیات فراہم کی جائینگی


لاہور: پاکستان میں چھوٹے کسانوں کو مالی اور زرعی معاونت فراہم کرنے کے لیے فاطمہ فرٹیلائزر اور زرعی ترقیاتی بینک کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس مفاہمتی یاداشت پر دستخط کا مقصد کسانوں کو زرعی ترقی کے لیے وسائل اور جدید حل فراہم کرنا ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار اور معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔ کسانوں کو خود مختار بنانے کے لیے اپنی نوعیت کا یہ پہلا معاہدہ ہے۔

فاطمہ فرٹیلائزر کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد مرادصاحب اور زرعی ترقیاتی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پریزیڈنٹ طاہر یعقوب بھٹی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں دونوں اداروں کے سینیئر افسران شریک تھے۔ اس مفاہمتی یاداشت کے تحت فاطمہ فرٹیلائزر ایسے کسانوں کی نشاندہی کرے گی جن کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں اورزی ٹی بی ایل انہیں اکاؤنٹ کھولنے اور آسان قرضہ حاصل کرنے کے لیے معاونت کرے گا۔



اس معاہدے کے تحت مشترکہ ٓاگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں فاطمہ فرٹیلائزر زرعی ترقیاتی بینک کی فارمر میٹنگز میں شامل ہو گی۔کسانوں کو زرعی معلومات فراہم کرنے اوربینک کی مالی سہولیات جیسی معلومات فراہم کرنے کے لیے فاطمہ گروپ کی سر سبز پاکستان ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔معاہدے کے مطابق، زرعی ترقیاتی بینک ایسے کسانوں کو جنہوں نے پہلے ہی قرض لے رکھا ہے، کھاد کی آسان خریداری کے لیے فاطمہ فرٹیلائزرسے رابطہ کروائے گا تاکہ ایک براہ راست اور محفوظ ٹرانزیکشن کو ممکن بنایا جا سکے.اس معاہدے کے تحت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جیسے کہ زی ٹی بی ایل پاکستان اور سر سبز پاکستان کویکجا کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی جس سے کسانوں کے لیے قرض کی درخواستوں کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

فاطمہ فرٹیلائزر کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد مراد نے معاہدے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ہمارے چھوٹے کسانوں کوفصلوں کی پیداوار بہتر بنانے اور پاکستان کی فوڈ سیکیورٹی میں اپنا حصہ ادا کرنے کے مشن کو مزید مستحکم کرے گا۔اس اہم موقع پر فاطمہ گروپ کی طرف سے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز رابیل سدوزئی، عثمان ارشدمیاں ہیڈ آف پلاننگ اینڈ بزنس انٹیگریشن،مینجرپلاننگ اینڈ بزنس انٹیگریشن راجہ شاکر خان، لیڈ ڈیجیٹل پروجیکٹ حسان امین اور اسسٹنٹ مینجر بی ائی اینڈ ڈیجیٹلائزیشن عبداللہ بھی موجود تھے۔

 زرعی ترقیاتی بینک کے چیف ایگزیکٹوآفیسر اور پریزیڈنٹ طاہر یعقوب بھٹی نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک مالی استحکام کے ذریعے کسانوں کو با اختیار بنانے کے لیے پرُعزم ہے۔فاطمہ فرٹیلائزر کے ساتھ ہونے والی یہ مفاہمتی یاداشت نہ صرف چھوٹے کسانوں کو زرعی معلومات فراہم کرے گی بلکہ کسانوں کو مالی ترقی کے مواقع بھی فراہم کرے گی زرعی ترقیاتی بینک کی طرف سے گروپ ہیڈ بزنس،زاہد حسین ہیڈ اف پروڈکٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ لائبلٹی مینجمنٹ سلمان شاہ اور ہیڈ کریڈٹ ڈویژن ارشد حسن عوان بھی شامل تھے۔

دونوں کمپنیوں کے درمیان یہ مفاہمتی یاداشت ثابت کرتی ہے کہ دونوں ادارے زرعی شعبے میں ترقی کو فروغ دینے اور کسانوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پر ُعزم ہیں۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی