پی ٹی سی ایل کے ’بااختیار ‘ پروگرام میں اعلیٰ کارکردگی کی حامل خواتین کی دبئی میں عالمی اسٹارٹ اپ ایونٹ میں شرکت

اسلام آباد : پاکستان کے معروف ٹیلی کمیونی کیشن اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل و یوفون 4G) نے دبئی میں جی آئی ٹی ای ایکس (GITEX) 2024 کے ساتھ منعقدہ دنیا کے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ اور انویسٹر کنیکٹر ایونٹ، ایکسپینڈ نارتھ اسٹار (Expand North Star) میں اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) پروگرام، 'با اختیار' کو نمائش کیلئے پیش کیا۔ اس ایونٹ نے عالمی سطح پر بااختیار پروگرام کے فروغ اور اس میں شریک کاروباری خواتین کی کامیابیوں کو اُجاگر کرنے کے لئے اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔

تقریب میں 'بااختیار' کی دو نمایاں کاروباری خواتین، فرحت العین اور مریم حسین نے پروگرام کی نمائندگی کی۔ ہری پور، خیبر پختونخوا کے مضافاتی علاقوں میں مقامی طور پرسلائی کڑھائی سے کام شروع کرنے والی دونوں ہنر مند خواتین اب بااختیار پروگرام کی طرف سے فراہم کردہ تربیت اور ٹیکنالوجی وسائل سے لیس اپنا ذاتی کاروبار چلا رہی ہیں۔ پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G نے انہیں اس بین الاقوامی ایونٹ کے لیے منتخب کیا، تاکہ انہیں عالمی کاروباری و ٹیکنالوجی پلیٹ فارم میں شرکت کا تجربہ اور نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے میں مدد مل سکے۔



مریم اور فرحت نے پاکستان انکلوژر میں اپنی دلکش کڑھائی کی مصنوعات کی نمائش کی، مختلف ممالک سے آئے ہوئے لوگوں سے ملاقاتیں کیں، اور اپنی کامیابی کے سفر کی کہانی سُنائی جس پر ان کے بے مثال ہنر اور عزم وہمت کی شاندار پذیرائی کی گئی ۔ ایکسپینڈ نارتھ اسٹار میں دونوں خواتین کی شرکت پروگرام کے گریجویٹس کے لئے پی ٹی سی ایل گروپ کی مسلسل حمایت کی عکاسی کرتی ہے، جو ان کے کاروبار کی پائیدار ترقی کیلئے بہت اہم ہے۔

اپنے انوکھے تجربے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مریم حسین نے کہا کہ میں پی ٹی سی ایل گروپ کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے ہمیں یہ موقع فراہم کیا۔ ایک اہم عالمی پلیٹ فارم کا حصہ بننا زندگی بدل دینے والا تجربہ ہے اور ہم اس کے ذریعے اپنے کاروباری اداروں کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھلنے کے منتظر ہیں۔ ہم مختلف لوگوں سے ملے، جنہوں نے ہمارے کام کی تعریف کی۔ اس شاندار تجربے سے ہمیں مزید بڑے خواب دیکھنے کا حوصلہ ملا ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے تعاون سے خواتین کی خودمختاری کے فروغ کیلئے بااختیار پروگرام شروع کیا تھا۔ اس کا مقصد چھوٹے پیمانے کے کاروبار کرنےوالی خواتین کی ترقی کے لئے انہیں ضروری ڈیجیٹل وسائل اور مہارتوں سے لیس کرنا ہے۔ شرکاء کو پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے پہلے سے لوڈ شدہ سم کارڈز والے اسمارٹ فونز اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کی جاتی ہے، جس میں یو پیسہ موبائل والٹ کا استعمال اور ای کامرس پلیٹ فارم' دراز'  (Daraz)پر اپنی مصنوعات فروخت کرنے کیلئے سیلراکاؤنٹس کی تربیت بھی شامل ہے۔ پندرہ روزہ ورکشاپ خواتین کے ہنر اور مہارتوں کو مستحکم کرتی ہے اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی تکنیک سے روشناس کراتی ہے، تاکہ انہیں آن لائن دنیا میں بھی اپنی مصنوعات فروخت کرنے میں مدد مل سکے۔



اس پروگرام میں یو مائیکرو فنانس بینک کی جانب سے فنانشل مینجمنٹ کی تربیت بھی دی جاتی ہے، جو شرکاء کو اپنے مالیاتی امور کو موثر طریقے سے منظم کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اس دوران پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G   شرکاء  کی ضروریات پوری کرنے کیلئے انہیں  مفت  موبائل فون  سیٹ، انٹرنیٹ اور کال بنڈلز بھی فراہم کرتے ہیں۔

اب تک با اختیار پروگرام سے خواتین انٹرپرینیورز کے دو بیچ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں، جو اب اپنے اسمارٹ فونز اور مفت ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے دراز کے ذریعے اپنی مصنوعات فروخت کرتی ہیں، یو پیسہ کے ذریعے آسان ادائیگیاں وصول کرتی ہیں اور کوریئر سروسز کے ذریعے آرڈرز ارسال کرتی ہیں۔ ان کی کامیابی دیگر خواتین کو بھی اپنے سماجی و اقتصادی حالات بدلنے کے لئے ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

صدر و گروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G، حاتم بامطرف نے اس موقع پر کہا ، ''بااختیار پروگرام ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے اور پسماندہ سماجی طبقوں کو بااختیار بنانے کے لئے اپنے ڈیجیٹل وسائل کو بروئے کار لانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہم خواتین کو مالی طور پر خود مختار اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں شرکت کے قابل بنا رہے ہیں۔ بااختیار پروگرام اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ ملک کے پائیدار مستقبل اورملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے خواتین فعال کردار ادا کریں۔ مجھے ان نوجوان کاروباری خواتین پر بے حد فخر ہے، جنہوں نے مستقبل کے کاروباری رہنما بننے کے لئے مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔''

پی ٹی سی ایل گروپ کا نمائشی اسٹال ایکسپینڈ نارتھ اسٹار میں پاکستان انکلوژر کا اہم جزو تھا، جس کے بے شمار لوگوں نے دورہ کیا   اور انہوں نے ڈیجیٹل اور فنانشل ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی کاریگروں سے ڈیجیٹل انٹرپرینیورز کا سفر کامیابی سے طے کرنے پر مریم حسین اور فرحت العین کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ خ

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی