اسلام آباد : پاکستان کے سب سے بڑے آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ کو سمینا ٹیلی کمیونی کیشن کونسل کی جانب سے ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ میں لیڈرشپ اینڈ ایکسی لینس ایوارڈز (لیڈ) میں 'بہترین کاروباری حکمت عملی اور توسیع' کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ صدر و گروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G ، حاتم بامطرف کو کمپنی کی جدت طرازی اور مارکیٹ میں موجودگی کو وسعت دینے کی انتھک کوششوں کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ ایوارڈ پی ٹی سی ایل گروپ کی غیر معمولی کاروباری حکمت عملی کا اعتراف ہے، جس نے کمپنی کو مختلف مشکلات سے نمٹنے، اسٹریٹجک فیصلے کرنے اور کامیابی کے ساتھ خود کو پائیدار ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن رکھنے کے قابل بنایا ہے۔
اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے حاتم بامطرف نے کہا، ''سمینا لیڈ ایوارڈز 2024 میں پی ٹی سی ایل گروپ کی کامیابی اسٹریٹجک کاروبار کی توسیع کے ذریعے ترقی کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے نہ صرف ٹیلی کام کے شعبے میں شراکت داری میں ہماری پیش رفت کا اعتراف ہوا ہے، بلکہ انتہائی مسابقتی عالمی ٹیلی کام انڈسٹری میں پی ٹی سی ایل کا رہنما کردار بھی مستحکم ہوا ہے۔ یہ بہترین کارکردگی، جدت طرازی اور پورے خطے میں صارفین کو غیر معمولی اطمینان بخش تجربہ فراہم کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔''
کاروباری حکمت عملی کے شعبے میں پی ٹی سی ایل گروپ ہمیشہ پیش پیش رہا ہے، جس کی بدولت ایک متحرک ٹیلی کام منظرنامے میں کمپنی کی مضبوط مسابقت برقرار رہی ہے۔ گروپ اپنے صارفین کی تعداد مستحکم کرنے کیلئے نئی مصنوعات اور خدمات متعارف کرانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ پاکستان میں پسماندہ علاقوں میں موجود مواصلاتی خلا کو بھی پُر کر رہا ہے۔
سمینا ٹیلی کمیونیکیشن کونسل کے زیر اہتمام سمینا لیڈ ایوارڈز 2024 کا مقصد ٹیلی کام کے شعبے میں نمایاں کامیابیوں اور قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر آپریٹرز اور ریگولیٹرز کی کوششوں کو تسلیم کرنا ہے۔ لیڈ بزنس ایکسی لینس ایوارڈز ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جہاں پی ٹی سی ایل جیسی معروف کمپنیاں ٹیلی کام کے شعبے میں اپنی انقلابی خدمات کا مظاہرہ کرتی ہیں اور دوسروں کو جدت طرازی اور قائدانہ کردار کے حصول کی کوششوں کی طرف راغب کرتی ہیں۔
حالیہ ایوارڈ کی بدولت جدت طرازی، ترقی اور جدید ترین ٹیلی کام خدمات کی فراہمی کے پی ٹی سی ایل گروپ کے مسلسل عزم کو تقویت ملے گی۔
ایک تبصرہ شائع کریں