پی ٹی سی ایل اور چائنا موبائل انٹرنیشنل کا قومی و بین الاقوامی سطح پر نیٹ ورک اشتراک کیلئے معاہدہ

پی ٹی سی ایل اور چائنا موبائل انٹرنیشنل کا قومی و بین الاقوامی سطح پر نیٹ ورک اشتراک کیلئے معاہدہ

اسلام آباد۔ :  پاکستان کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونی کیشن و مربوط آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور عالمی ٹیلی کام و آئی سی ٹی کمپنی، چائنا موبائل انٹرنیشنل لمیٹڈ (سی ایم آئی) نے دبئی میں منعقدہ جی آئی ٹی ای ایکس گلوبل (GITEX) 2024 میں اپنے عالمی نیٹ ورک وسائل کے اشتراک کے لئے معاہدے پر دستخط کرلیے ہیں۔ یہ باہمی تعاون دونوں اداروں کو پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے متعلقہ صارفین کے لئے رابطوں کی سہولیات کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔

گروپ ڈائریکٹر انٹرپرائز سلوشنز، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، وقار احمد اور چائنا موبائل انٹرنیشنل مڈل ایسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر، الیکس لی نے جی آئی ٹی ای ایکس 2024 کے موقع پر دونوں اطراف کے سرمایہ کاروں، جدت طرازوں، کاروباری رہنماؤں اور اعلیٰ انتظامیہ کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیے۔



یہ تاریخی اشتراک پی ٹی سی ایل اور سی ایم آئی کے وسیع نیٹ ورکس کو مشترکہ استعمال  میں لانے میں مدد کرے گا، تاکہ دونوں ادارے اپنے متعلقہ صارفین کو بلاتعطل اور معیاری رابطے کی سہولیات فراہم کرسکیں۔ پی ٹی سی ایل کے پاکستان بھر میں 65 ہزار کلومیٹر پر محیط وسیع فائبر نیٹ ورک اور چائنا موبائل کے دنیا بھر میں 305 اوورسیز پوائنٹس آف پریزنس (پی او پیز) کے ذریعے کاروباری اداروں اور انفرادی صارفین کے لیے یکساں طور پر مضبوط اور اسکیل ایبل کنیکٹیویٹی کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے گا۔

اس شراکت داری کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کے گروپ نائب صدر، بزنس ٹو بزنس اسٹریٹجی اینڈ پروڈکٹ مینجمنٹ، سید محمد عمران علی نے کہا، ''ہمیں عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں پاکستان کی موجودگی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے چائنا موبائل کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے۔ پی ٹی سی ایل اور سی ایم آئی کی مشترکہ طاقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم کاروباری اداروں اور صارفین کو پاکستان اور پاکستان سے باہر بے مثال رسائی اور سروس کوالٹی فراہم کریں گے، تاکہ ان کیلئے سہولت اور مواقع کی نئی راہیں کھل سکیں۔''

چائنا موبائل انٹرنیشنل مڈل ایسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر، الیکس لی نے کہا، ''ہم عالمی سطح پر اپنے انفرادی اور انٹرپرائز صارفین کی سہولت کے لئے پی ٹی سی ایل کے ساتھ اس اشتراک پر بہت خوش ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری صلاحیتوں کے یکجا ہونے سے ہم دونوں اطراف میں اپنی خدمات کی فراہمی میں نمایاں اضافہ کرسکتے ہیں۔ ہمارا مقصد ساتھ مل کر مارکیٹ میں جدید سہولیات متعارف کرانا، ڈیجیٹل منظر نامے کو فروغ دینا اور اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا ہے۔''

توقع ہے کہ جی آئی ٹی ای ایکس 2024 میں قائم ہونے والی یہ شراکت داری ٹیلی کام اور ڈیجیٹل انڈسٹری میں مثالی باہمی ترقی کے ذریعے خطے میں ڈیجیٹل ترقی کی رفتار میں بھی تیزی لائے گی۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان کے ٹیلی کام اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے استحکام کے لئے جی آئی ٹی ای ایکس 2024 میں متعدد اہم شراکت داریاں قائم کی ہیں۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی