اسلام آباد : موبی لنک بینک نے ایک بار پھر صنفی مساوات اور مالی شمولیت کے حوالے سے اپنے مضبوط عزم کا ثبوت پیش کیا ہے جس کا اظہار اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ویمن فرینڈلی نیس گرڈ (Women Friendliness Grid) پر متاثرکن 82.7 اسکور کے حصول سے ہوتا ہے۔ گزشتہ سال یہ اسکور 71.79 رہا اور اب بینک کی حالیہ نمایاں بہتری اسکی خواتین قرض دہندگان اور کاروباری افراد، بالخصوص چھوٹے و درمیانی کاروباری شعبے (ایس ایم ای)میں تعاون پر مبنی ماحول پیدا کرنے کی کاوشوں کی نشاندہی کرتی ہے۔
ویمن فرینڈلی نیس گرڈ خواتین کی مالیاتی خدمات تک رسائی اور اس میں انکی شمولیت کا جائزہ لگانے سے متعلق ایک اہم معیار کے طور پر کام کرتا ہے۔موبی لنک بینک جدت انگیز پروگرامز اور اہم اشتراک کے امتزاج سے پاکستان بھر کی خواتین معاونت کے لئے کوشاں ہے۔
اپنے ویمن انسپریشنل نیٹ ورک (WIN) پروگرام کے ذریعے بینک نے ملک بھر میں 20 ہزار سے زائد خواتین کو تربیت دی ہے اور کیئر پاکستان (Care Pakistan) کے اشتراک سے خیبر پختونخوا میں مزید 1500 خواتین کو ہنر مند بنایا ہے۔ اپنے بنت حوا اقدام کے تحت موبی لنک بینک نے سال 2022 کے دوران خواتین میں 6.96 ارب روپے کے قرضے تقسیم کئے جو 2023 میں بڑھ کر 10.6 ارب روپے سے زائد ہو گئے جس سے 50 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
موبی لنک بینک کے عبوری سی ای او حارث محمود چودھری نے اس قابل ذکر پیش رفت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ''ویمن فرینڈلی نیس گرڈ پر 82.7 کا اسکور کا حصول ہماری مالیاتی شمولیت و جدت کے عزم کا ثبوت ہے۔ اس کامیابی میں کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل شمولیت کو آگے بڑھانے اور اپنے آپریشنز میں پائیداری کی شمولیت سے متعلق ہمارا عزم ظاہر ہوتا ہے۔ہم ایسے بہترین مواقع پیدا کرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے جن سے صنفی مساوات اور ماحولیاتی ذمہ داری پروان چڑھیں۔
موبی لنک بینک کا کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے کا عزم وسائل کی اسٹریٹجک تقسیم اور پائیدار طریقوں پر توجہ مرکوز کرنے سے ظاہر ہوتا ہے۔ اسکے لون پورٹ فولیو میں چھوٹے و درمیانی قرضوں کا حجم 40 فیصد ہے جس کی لاگت 24.34 ارب روپے بنتی ہے، اس سے کاروبار میں خواتین کے لیے مواقع کو بہتر بنانے سے متعلق بینک کی نیک نیتی ظاہر ہوتی ہے۔ اسکی قیادت میں خواتین کی 33 فیصد نمائندگی، بچوں کی دیکھ بھال کی پالیسی کے نفاذ، میٹرنٹی و پیٹرنٹی کی تعطیلات میں اضافے اور ٹرانسپورٹ الاؤنس کے ساتھ اسکا عزم مزید اجاگر ہوتا ہے۔ بینک کے ویمن ریٹرن شپ پروگرام – موبی لنک ہر (MobilinkHer) کا آغاز، باصلاحیت خواتین انٹرن کو تیار کرنے کی کاوشیں اور زیادہ سے زیادہ خواتین کی بھرتیوں پر توجہ دینے سے بینک کی جانب سے خواتین کی حوصلہ افزائی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ اس وقت موبی لنک بینک کی افرادی قوت فیلڈ اور ہیڈ آفس دونوں میں خواتین کی تعداد 16 فیصد ہے جو پچھلے برسوں میں 7 فیصد تھی اور اس حوالے سے 2020 سے 2024 کے دوران اس میں سال بہ سال 42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ان کاوشوں کے ساتھ ساتھ موبی لنک بینک کے قرضوں کے پورٹ فولیو کا 44 فیصد حصہ زراعت کے لیے مختص کیا گیا ہے، جس میں سے 25 فیصد خواتین کی زیر ملکیت زرعی کاروبار کے لیے مختص کیا گیا ہے، جو خواتین کسانوں اور زرعی معیشت پر بینک کے مثبت اثرات کو ظاہر کرتے ہیں۔موبی لنک بینک،ویون (VEON) گروپ کا حصہ ہے، جو ایک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ہے اور چھ ممالک میں 160ملین صارفین بھرپور کنیکٹوٹی اور آن لائن خدمات فراہم کرتا ہے جو دنیا کی آبادی کا 7فیصد حصہ ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں