لاہور (اے پی پی): پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے خوراک کے عالمی دن کے حوالے سے ایک قومی مکالمہ منعقد کیا ،جس کا موضوع ''محفوظ ڈیری،محفوظ صحت مند خوراک'' تھا۔تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بحیثیت مہمان خصوصی جبکہ پی ڈی اے کے سی ای او ڈاکٹر شہزاد امین، چیئرمین اور فوجی فائونڈیشن کے سی ای او عثمان ظہیر احمد، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے پی کے واصف سعید سمیت صحافیوں و تجزیہ نگاروں اور سول سوسائٹی سے منسلک افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔یو این نیوٹریشن گلوبل چیمپئن سائرہ افتخار نے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے تقریب کے اغراض ومقاصد بیان کئے ۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ہم سب کو ملکر یہ یقینی بنانا ہوگا کہ خالص اور موثر خوراک سب کے لیے قابل رسائی ہو اور یہ ہر فرد کی غذائی ضروریات کو پورا کرے، حکومت پنجاب نے غذائی قلت کے خاتمے کے لیے حال ہی میں سکولوں کے بچوں کیلئے فری دودھ سکیم شروع کی اور چھوٹے کسانوں کو قرضے دینا شروع کئے تاکہ وہ مویشی خرید کر اپنا ذریعہ معاش بہتر کر سکیں، پاکستان میں خوراک کو محفوظ کرنے کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم اگر ہم سب مل کر کام کریں تو ہم ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل کی طرف قدم بڑھا سکتے ہیں۔ سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی نے کہا کہ پانی کی کوالٹی اور دستیابی دودھ کی پیداوار پر بڑے اثرات مرتب کرتی ہے جیسا کہ جانوروں کی آبیاری، فیڈ کی کاشت اور ڈیری پروسیسنگ وغیرہ۔
سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس صدر جہاں آرا وٹو نے اتھارٹی کے پلیٹ فارم سے جاری آغوش اور زیور تعلیم پراجیکٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ماں اور بچہ کی صحت کو محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہیں، ابھی تک ان پراجیکٹس سے 8لاکھ خواتین مستفید ہوچکی ہیں جبکہ 17لاکھ بچوں کا طبی معائنہ اور 1لاکھ زچگیوں کے کیسز کو کامیابی سے مکمل کرواچکے ہیں۔ تقریب سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم، معروف تجزیہ نگار سلمان غنی اور افتخار احمد نے حکومت پنجاب کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مریم نواز شریف کی کاوشوں سے کھانے پینے کی اشیا میں ملاوٹ میں خاصی کمی نظر آرہی ہے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور غذائی ضروریات کو پوار کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خوراک میں ملاوٹ کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کریں گے جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر کو یادگاری شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔
ایک تبصرہ شائع کریں