اسلام آباد: پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کام ومربوط آئی سی ٹی سہولیات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ نے ملک کا اولین 800 گیگابائٹ فی سیکنڈ فی طول موج سپر سی+ ایل ویولینتھ ڈویژن ملٹی پلیکسنگ (ڈبلیو ڈی ایم) سسٹم کامیابی سے متعارف کرا دیا ہے۔ یہ جدید ٹیکنالوجی ادارے کو 64 ٹیرابائٹ فی سیکنڈ فی فائبر ڈیٹا ٹرانسمیشن کے قابل بنائے گی، جبکہ اس میں 96 ٹیرابائٹ فی سیکنڈ تک پہنچنے کی صلاحیت موجود ہے، جو پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ہواوے کے تعاون سے تیار کیا گیا پی ٹی سی ایل کا سپر سی پلس ایل سسٹم روایتی سسٹمز کی جانب سے فراہم کردہ 4.8 ٹیرا ہرٹز کے مقابلے میں 12 ٹیرا ہرٹز تک کے وسیع آپٹیکل سپیکٹرم کی گنجائش رکھتا ہے۔ اس میں تیز رفتار 800 گیگابائٹ فی سیکنڈ فی طول موج، الٹرا وائیڈ سپر سی + ایل سپیکٹرم اور جدید مستحکم گرڈ آپٹیکل سوئچنگ شامل ہیں۔ یہ پیش رفت پاکستان کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل میں پی ٹی سی ایل کے قائدانہ کردار کو مستحکم کرے گی، کمپنی کے نیٹ ورک کو فکسڈ 5.5 جی (ایف 5.5 جی) جیسی مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے لئے تیار کرے گی اور جبکہ اس کے نتیجے میں تیز، اسمارٹ اور زیادہ موثر رابطے کو ممکن بنایا جا سکے گا۔
گروپ چیف ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، جعفر خالد نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ پائیداری کے عمل کو برقرار رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے پر ہے۔ یہ اپ گریڈ سروس کے معیار کو بہتر بنائے گا، تاخیر کو کم کرے گا، صارفین اور کاروباری اداروں کے مجموعی صارف تجربے کو بہتر بنائے گا، اور ہمارے ماحولیاتی اثرات کو کم کرے گا. اس سے ہمیں قابل اعتماد، کم لاگت سہولیات کے ساتھ مختلف صارفین کی ڈیٹا ٹریفک کی بڑھتی ہوئی طلب سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔
ہواوے کے آپٹیکل ڈومین کے صدر وکٹر چو(Victor Zhou) نے کہا کہ ہم اس تیز رفتار آپٹیکل نیٹ ورک کی تنصیب میں پی ٹی سی ایل کی مدد کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ اس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی اور استحکام کی کوششوں کو فروغ ملے گا۔ یہ ڈیٹا سینٹر کنکشن کو مضبوط کرے گا، کاربن کے اخراج کو کم کرے گا، اور ایف 5.5 جی جیسی مستقبل کی ترقی کے لئے میدان ہموار کرے گا۔ یہ ٹیکنالوجی سرمایہ کاری آنے والے سالوں میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو سہارا دے گی۔
پی ٹی سی ایل گروپ اور ہواوے کے درمیان یہ کامیاب اشتراک پاکستان کے ٹیلی کمیونی کیشن منظرنامے میں تبدیلی کے عمل کا اہم سنگ میل ہے۔ جدید ترین آپٹیکل ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاکر پی ٹی سی ایل بہتر ڈیجیٹل سروسز، تیز رفتار انٹرنیٹ اور زیادہ مربوط معاشرے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ جیسے جیسے پاکستان زیادہ ڈیجیٹلائزڈ اور پائیدار مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے، پی ٹی سی ایل گروپ تکنیکی جدت طرازی کے فروغ اور ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں