جوبلی لائف انشورنس کے پالیسی ہولڈرز ایک جامع، ون ونڈو حل سے مستفید ہوں گے
کراچی، 12 نومبر، 2024۔ پاکستان میں نجی شعبے کی سب سے بڑی انشورنس کمپنی، جوبلی لائف انشورنس نے ملک کے صف اول کے ٹیلی میڈیسن پلیٹ فارم، صحت کہانی (Sehat Kahani) کے ساتھ اپنی شراکت داری میں توسیع کرتے ہوئے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) کی کلیمز مینجمنٹ سروسز متعارف کرائی ہیں۔ یہ اضافہ جوبلی لائف انشورنس کے پالیسی ہولڈرز کے لئے دستیاب فوائد کی رینج میں قابل ذکر وسعت لاتا ہے، جو اب اسپتال کی موجودہ کوریج کے ساتھ ساتھ او پی ڈی مینجمنٹ خدمات تک باسہولت رسائی سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
جوبلی لائف انشورنس اور صحت کہانی کی جانب سے حال ہی میں اس معاہدے کی دستخطی تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران طبی دیکھ بھال تک رسائی بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس شراکت داری کے تحت جوبلی لائف انشورنس کے پالیسی ہولڈرز ایک جامع، ون ونڈو حل سے مستفید ہوں گے جس میں مشاورت (کنسلٹیشنز)، کلیمز پروسیسنگ، کیش لیس فارمیسی اور لیبارٹری سروسز کے ساتھ ساتھ 60 سیکنڈ زکے اندر ڈاکٹروں تک 24/7رسائی شامل ہے۔
یہ اقدام صحت کہانی کے مشن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں افراد کے لئے طبی دیکھ بھال تک رسائی اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔ اس طرح، جوبلی لائف انشورنس کے پالیسی ہولڈرز کے لئے طبی دیکھ بھال کو زیادہ آسان اور جامع بنایا گیا ہے۔
اس معاہدے کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحت کہانی کی شریک بانی اور سی ای او ڈاکٹر سارہ سعید خرم نے کہا، ''جوبلی لائف انشورنس کے ساتھ ہمارا اشتراک آؤٹ پیشنٹ خدمات میں توسیع دینے اور اسپتال میں داخل مریضوں سے متعلق کامیاب تعاون پر مبنی ہے۔ ہمارا مقصد اپنے صارفین کو طبی دیکھ بھال کے بہتر اختیارات فراہم کرنا اور معیاری طبی خدمات کی ہر شخص تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔''
صحت کہانی کی شریک بانی اور سی او او ڈاکٹر عفت ظفر آغا نے مزید کہا، ''یہ اشتراک پاکستان میں طبی دیکھ بھال کی فراہمی کو بڑھانے سے متعلق ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم جوبلی لائف انشورنس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرامید ہیں تاکہ مریضوں کی وسیع اقسام کی ضروریات کو پورا کرنے والی موثر خدمات کی فراہمی پر عمل درآمد کرسکیں۔''
جوبلی لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید احمد نے بھی اس شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''صحت کہانی کے ساتھ ہمارے تعاون کے نتیجے میں پہلے ہی000، 200سے زیادہ کامیاب مشاورتیں (کنسلٹیشنز) سرانجام دی جاچکی ہیں۔ ہم اپنے پالیسی ہولڈرز کو طبی دیکھ بھال کے جامع حل فراہم کرتے ہوئے آؤٹ پیشنٹ خدمات میں توسیع لانے کے لئے پرجوش ہیں۔ یہ شراکت داری جدید خدمات کے ذریعے ہمارے صارفین کی طبی دیکھ بھال کو بہتر بنانے سے متعلق ہماری لگن کی نمائندگی کرتی ہے۔''
او پی ڈی سروسز متعارف کروانے سے جوبلی لائف انشورنس کے پالیسی ہولڈرز کو طویل کاغذی کارروائی اور لمبے چوڑے طریقہ کار کے بجائے بروقت طبی مشاورت اور خدمات حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ صحت کہانی اور جوبلی لائف انشورنس کا مقصد ان خدمات کو مربوط بناکر طبی دیکھ بھال تک رسائی کو تیز رفتار بنانا اور مریضوں کے لئے انکے آسان استعمال کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس شراکت داری کے بعد امید کی جاتی ہے کہ پاکستان میں طبی دیکھ بھال سے متعلق قابل رسائی خدمات بالخصوص صحت عامہ کے نظام کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جاسکے گا۔ دونوں اداروں کی صلاحیتوں کو یکجا کرکے یہ اشتراک مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ایک جامع طریقہ کار پیدا کرنے کا خواہاں ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ افراد کو ہر وقت جامع انداز سے مدد حاصل ہو۔
ایک تبصرہ شائع کریں