پاکستان ایک پائیدار، مساوی اور سود سے پاک فنانشل ایکو سسٹم کیلئے کوششیں کررہا ہے: ایس ای سی پی چیئرمین عاکف سعید

سی ڈی سی پاکستان، پی ایس ایکس اور این سی سی پی ایل کے زیرِ اہتمام دوسری بین الاقوامی اسلامک کیپٹل کانفرنس کے مندوبین کیلئے عشائیہ کاانعقاد


کراچی: سیکیوریٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین عاکف سعید نے کہاہے کہ بین الاقوامی اسلامک کیپٹل کانفرنس کے ذریعے  پاکستان ایک پائیدار، مساوی اور سود سے پاک فنانشل ایکو سسٹم میں تبدیل کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (CDC)، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی (NCCPL)کے زیرِ اہتمام دوسری بین الاقوامی اسلامک کیپٹل مارکیٹس کانفرنس میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں اور اسپیکرز کے اعزاز میں ایک عشائیہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا س کانفرنس کا آغاز 12دسمبر سے ہوچکا ہے۔



اس موقع پر استقبالیہ خطاب میں سیکیوریٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین عاکف سعید نے پاکستان کی اسلامی مالیاتی انڈسٹری کی نمایاں پیش رفت پر زوردیتے ہوئے شریعہ کے مطابق فنانشل پریکٹسزاور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے میں سی ڈی سی، پی ایس ایکس اور این سی سی پی ایل جیسے اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایس ای سی پی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی اکاؤنٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹیٹیوشنز(AAOIFI)کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین اور میزان بینک کے بانی چیئرمین شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ نے اسلامی مالیات کی ترقی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے شرکاء کو اسلامک فنانس انڈسٹری کیلئے اسٹینڈرڈز تیار کرنے اور دنیا بھر میں اخلاقی اور شریعہ کے مطابق فنانشل پریکٹسز کو مزید فروغ دینے کیلئے AAOIFIکی عالمی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایشیا پیسفک سینٹرل سیکیوریٹیز ڈپازٹری گروپ  (ACG)کے چیئرمین بدیع الدین اکبر، پی ایس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ سبزواری اور این سی سی پی ایل کے کے قائم مقام سی ای او عمران احمدخان نے کانفرنس کے مقررین کو سووینئرز پیش کیے۔

ایس ای سی پی کے زیرِ اہتمام منعقدہونے والی دوسری بین الاقوامی اسلامک کیپٹل مارکیٹ کانفرنس اینڈ ایکسپو پاکستان کو اسلامک فنانس میں ایک رہنماکے طورپر پوزیشن دینے کی ایک تاریخی کوشش کی عکاسی ہے۔ "ٹیکنالوجی کی تبدیلی سے پائیداری کے احساس تک: ایک جامع اسلامک کیپٹل مارکیٹ کی تعمیر"کی تھیم کے تحت کانفرنس میں ایک لچکدار، جامع اور پائیدار اسلامک کیپٹل مارکیٹ کی تعمیر میں اہم چیلنجز اور مواقعوں کے بارے میں بات ہوگی۔


کانفرنس میں بحرین، سعودی عرب، نائجیریا، ملائیشیا، ترکی، عمان، ایران اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک سے 20سے زائد ممتاز بین الاقوامی ماہرین اور پالیسی ساز شرکت کررہے ہیں۔ مین کانفرنس کے علاوہ دیگر تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا جن میں کانفرنس سے پہلے ورکشاپس اور ایک اسلامک فنانشل نمائش شامل ہیں۔ اس نمائش میں 38ممتاز ادارے شرکت کررہے ہیں۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی