دبئی میں طیارہ حادثہ، پاکستانی خاتون پائلٹ اور بھارتی مسافر ہلاک

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک المناک حادثے میں ایک پاکستانی خاتون پائلٹ اور ایک بھارتی مسافر اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کا ہلکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

گلف میڈیا کے مطابق، یہ حادثہ راس الخیمہ شہر کے ساحل کے قریب پیش آیا جہاں جزیرہ ایوی ایشن کلب کا ایک ہلکا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں افراد ہلاک ہو گئے۔

ہلاک شدگان کی شناخت ایک خاتون پائلٹ اور 26 سالہ بھارتی ڈاکٹر سلیمان الماجد کے طور پر ہوئی ہے۔




یو اے ای کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ خاتون پائلٹ 26 سالہ پاکستانی شہری تھیں لیکن مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

طیارہ ساحل کے قریب سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

جزیرہ ایوی ایشن کلب تفریحی مقاصد کے لیے پروازیں چلاتا ہے اور مسافر ڈاکٹر سلیمان الماجد نے یو اے ای میں سیر و تفریح کے لیے طیارہ کرائے پر لیا تھا۔

گزشتہ روز جنوبی کوریا میں اب تک کے سب سے مہلک فضائی حادثے میں 179 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جب ایک ایئر لائنر پیٹ کے بل اترا اور رن وے کے آخر سے پھسل گیا، اور موان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک دیوار سے ٹکرا کر آگ کے شعلوں میں تبدیل ہو گیا۔

جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق جیجو ایئر کی پرواز 7C2216، جو تھائی دارالحکومت بینکاک سے 175 مسافروں اور چھ عملے کے ساتھ آرہی تھی، صبح 9 بجے (0000 GMT) کے فوراً بعد ملک کے جنوب میں واقع ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش کر رہی تھی۔

عملے کے دو ارکان زندہ بچ گئے اور ان کا علاج جاری ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی