پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ نے عالمی سطح پر ڈیٹا سینٹر سرٹیفیکیشن حاصل کرلیا

پی ٹی سی ایل، ای پی آئی ڈیٹا سینٹر سرٹیفیکیشن حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا ادارہ بن گیا

اسلام آباد : پاکستان کے صف اول کے ٹیلی کام اور مربوط آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ڈیٹا سینٹر انڈسٹری میں معیار کے نئے سنگ میل قائم کرتے ہوئے انٹرپرائز پروڈکٹس انٹیگریشن (ای پی آئی) – جو کہ عالمی سطح پر ڈیٹا سینٹر سرٹیفیکیشن میں رہنما ادارہ ہے – سےموقر TIA-942-C ڈیٹا سینٹر سرٹیفیکیشن حاصل کر لی ہے۔

نہایت باریک بینی سے جانچ پڑتال کے بعد تفویض کیا گیا یہ اعزاز پی ٹی سی ایل کی پاکستان میں ڈیٹا سینٹر انڈسٹری میں بہترین کارکردگی اور جدت کے فروغ کے لیے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتا ہے۔پی ٹی سی ایل کے جدید ڈیٹا سینٹرز معیاری ریک ہوسٹنگ (rack hosting) خدمات فراہم کرتے ہیں، جو سرورز، نیٹ ورکنگ ڈیوائسز اور دیگر ڈیٹا سینٹر کمپیوٹنگ آلات کے لیے موزوں ہیں۔ یہ خاص مقصد کے تحت بنائی گئی سہولیات کیریئر کسٹمرز کو محفوظ، کفایتی اور جگہ کی بچت پر مبنی حل فراہم کرتی ہیں تاکہ وہ اپنا ضروری انفراسٹرکچر بہترین انداز میں منظم رکھ سکیں۔
پاکستان کے بڑے شہروں میں اسٹریٹجک طور پر واقع ان ڈیٹا سینٹرز میں اعلیٰ معیار کی سیکیورٹی،اور مستحکم نظام موجود ہیں، جو کاروباری اداروں کو لاگت کم کرنے، آئی ٹی کی قدر بڑھانے اور ایک قابل انتظام آپریشنل فوٹ پرنٹ برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے، گروپ چیف ٹیکنالوجی و انفارمیشن آفیسر، پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G، جعفر خالد نے کہا، ''ای پی آئی کی موقر سرٹیفیکیشن نہ صرف پاکستان میں ڈیٹا سینٹر کے رائج معیار کو بلند تر کرتی ہے، بلکہ پی ٹی سی ایل کی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے میدان میں قائدانہ حیثیت کو بھی مستحکم کرتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اعزاز ہماری ٹیم کے حوصلے اور پی ٹی سی ایل کی ڈیٹا سینٹر مینجمنٹ پر صارفین کے اعتماد کو مزید تقویت دے گا، جو عالمی معیارات کے عین مطابق ہے۔''

پی ٹی سی ایل کے ڈیٹا سینٹرز انٹرپرائز صارفین کو ڈیٹا ذخیرہ کرنے، پراسیسنگ اور مینجمنٹ کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرتے ہیں۔ یہ مراکز مرکزی مینجمنٹ، ڈیزاسٹر ریکوری اور بیک اپ پاور سولوشنز کے ذریعے کاروباری اداروں کو اس قابل بناتے ہیں کہ وہ اپنا انفراسٹرکچر بنانے اور برقرار رکھنے کے اخراجات سے بچ سکیں اور اپنے قیمتی وسائل کو کاروبار کی ترقی اور استحکام میں لگا سکیں، جس سے پی ٹی سی ایل جیسے قابل اعتماد شراکت دار پر ان کا بھروسہ مزید مستحکم ہوگا۔

کنٹری مینیجر، ای پی آئی پاکستان و سینٹرل ایشیا، نوشین اشرف نے پی ٹی سی ایل کو موقر TIA-942-C ڈیٹا سینٹر سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا، ''یہ کامیابی پی ٹی سی ایل کی ڈیٹا سینٹر خدمات میں اعلیٰ معیار اور جدت کو برقرار رکھنے کے مستقل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو کہ 2009 میں ان کی پہلی سرٹیفیکیشن کے حصول کے بعد سے جاری ہے۔ ہم ای پی آئی کی جانب سے پی ٹی سی ایل کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ پاکستان بھر کے کاروباری اداروں کو محفوظ، مستحکم، اور عالمی معیار کی ڈیٹا سینٹر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس شعبے میں اپنی  قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔''

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی