اسپاٹیفائی پاکستان کی جانب سے کراچی میں اپنی سالانہ مہم Wrapped 2024 کے تحت رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

کراچی اسپاٹیفائی نے کراچی میں سال 2024 کے اختتام پر منعقدہ سالانہ مہم Wrapped 2024 کے حوالے سے موسیقی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس بڑی تقریب میں سال بھر کے بہترین گلوکاروں، گیتوں اور سامعین کو سامنے لایا گیا، جبکہ شائقین موسیقی، انفلوئینسرز اور مقامی گلوکاروں کے پرستاروں اورمداحوں نے بھی شرکت کی۔

زہرہ مرچنٹ کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس تقریب کا آغاز DJ SIDDکی پرفارمنس سے ہوا جنہوں نے اپنی متحرک دھنوں سے تقریب کو جوش و جذبہ سے بھرپور رکھا۔ اسپاٹیفائی کی 2024 کی ٹاپ خاتون آرٹسٹ انورال خالد نے ایک روح پرور پرفارمنس پیش کی، جبکہ حسن رحیم کی پرفارمنس نے تقریب میں چار چاند لگا دیئے اور شائقین موسیقی و پرستار انہیں کھڑے ہوکر داد دینے پر مجبور ہوگئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے لیے اسپاٹیفائی کے مارکیٹنگ منیجر طلحہ ہاشم نے کہا،" Wrapped  مہم میوزک کے اعداد و شمار سال بھر پسند کی جانے والی پلے لسٹس سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ یہ مہم ہمارے کام، ہمارے مزاج، اور ان لمحات کی عکاسی کرتی ہے جو ہم سال بھر کے دوران سامنے لائے۔ اسپاٹیفائی پاکستان میں ہم یہ دیکھ کر بہت خوش ہیں کہ کس طرح موسیقی کی تلاش جاری ہے جس میں مداحوں کو گلوکاروں سے متعارف کرانا اور انہیں اپنے سفر سے روشناس کرانا شامل ہے۔''

تقریب میں رواں سال کے دوسرے سب سے زیادہ اسٹریم ہونے والے مقامی گلوکار عمیر، کشمیر بینڈ کے بلال علی، ماریہ اونیرا، عاشر وجاہت، نائل وجاہت، عدنان ظفر (عرف Ken)، اسامہ ناصر، دانیہ کنول، ریحام رفیق اور بلال حسن (MystaPaki) سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اسپاٹیفائی کی اس سالانہ مہم میں غیر معمولی پاکستانی ٹیلنٹ اور ان کے سامعین کے ساتھ جشن منایا جا رہا ہے، اس تقریب کے دوران پاکستان میں فروغ پاتے میوزک کلچر کی مزید پذیرائی کے لیے اسپاٹیفائی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اسپاٹیفائی کے پریمیئم صارفین خصوصی طور پر اپنے ذاتی استعمال سے متعلق سال 2024 کے تجربات کو ملاحظہ کرسکتے ہیں۔


0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی