موبی لنک بینک کے بورڈ نے حارث محمود چوہدری کو موبی لنک بینک کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کردیا

حارث محمود چوہدری موبی لنک بینک کے سی ای او تعینات

اسلام آبادموبی لنک بینک کے بورڈ نے حارث محمود چوہدری کو موبی لنک بینک کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے بینک کی مالیاتی شمولیت، ڈیجیٹل بینکاری اور جدت کو فروغ دینے کے مشن کی نمایاں عکاسی ہوتی ہے۔

موبی لنک بینک کے چیئرمین اور جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا، ''حارث محمود چوہدری نے مسلسل غیر معمولی قیادت، اسٹریٹجک دور اندیشی اور موبی لنک بینک کی اقدار کے ساتھ گہری وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی زیر قیادت موبی لنک بینک لاکھوں پاکستانیوں کو جدید ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کے ذریعے بااختیار بنانے، ڈیجیٹل بینکنگ سروسز میں وسعت لانے اور مالیاتی خدمات کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے ساتھ اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنائے گا۔''

حارث محمود چوہدری سال 2023 کے دوران موبی لنک بینک میں چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے شامل ہوئے اور عبوری سی ای او کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں، انہوں نے پاکستان میں مالیاتی شمولیت کے عمل کو تیز کرنے کے لئے غیرملکی سرمایہ کاری کے طور پر VEON سے 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے حصول سمیت متعدد اسٹریٹجک اقدامات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے دور میں بینک نے قابل ذکر سنگ میل عبور کئے، جیسے پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2024 میں بہترین مائیکرو فنانس بینک کا اعزاز حاصل کرنا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بینکنگ آن ایکوالٹی اسکور کارڈ میں مسلسل دو سال تک سرفہرست رہنا۔



دو دہائیوں سے زائد قائدانہ تجربے کے ساتھ، حارث محمود چوہدری یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) پاکستان، سٹی بینک نیو یارک، بارکلیز کیپیٹل دبئی، کلیریڈن لیو ایسٹ مینجمنٹ (کریڈٹ سوئس کا حصہ) دبئی اور اے بی این ایمرو پاکستان جیسے اداروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ان کی وسیع مہارت موبی لنک بینک کی قیادت کو مستحکم بناتی ہے، جس کی بدولت بینک نے ڈیجیٹل بینکاری کو وسعت دینے، کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے اور جاز کیش جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے ڈیجیٹل خدمات کی پذیرائی کا سفر جاری رکھا ہے۔

حارث محمود چوہدری نے کہا، '' موبی لنک بینک مستقبل کے ڈیجیٹل بینک کی حیثیت سے صارفین کو مرکزی اہمیت دینے والی جدید خدمات کی فراہمی کے اپنے مشن پر کاربند ہے۔ میں اس غیر معمولی ٹیم کی قیادت کرنے اور مارکیٹ لیڈر کی حیثیت سے اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پرجوش ہوں۔ ہم مل کر جامع معاشی ترقی کو آگے بڑھائیں گے، کیش لیس معیشت کی حوصلہ افزائی کریں گے اور پاکستان بھر میں لاکھوں افراد کے لیے ازسرنو ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تشکیل دیں گے۔''

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی