کراچی : پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نےبڑی مقدار میں ڈیٹا ٹرانسمیشن کی صلاحیتوں کی حامل سب میرین کیبل، افریقہ-1 کو کامیابی سے سی ویو بِیچ، کراچی میں واقع اپنی لینڈنگ سائٹ سے منسلک کر دیا ہے، جو پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ و استحکام کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ پی ٹی سی ایل نے یہ سنگ میل افریقہ-1 کیبل سسٹم کنسورشیم میں شمولیت کے باضابطہ معاہدے کے بعد حاصل کیا ہے، جس سے کمپنی کے عالمی ڈیجیٹل مراکز کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مضبوط کرنے اور قومی ٹیلی کمیونی کیشن ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
10,000 کلومیٹر افریقہ-1 کیبل عالمی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں پاکستان کے کردار کو بہتر بناتی ہے
اس تاریخی سنگ میل سے افریقہ-1 سسٹم کے تحت ایک دوسرے سے جڑنے والے مختلف خطوں میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کے استعمال کے ذریعے ترقی اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کے وژن کا اعادہ ہوتا ہے۔
افریقہ-1 کنسورشیم میں دنیا کی صف اول کی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنیاں شامل ہیں، جن میں موبیلی (سعودی عرب)، ای اینڈ (متحدہ عرب امارات)،G42 (متحدہ عرب امارات)، ٹیلی کام ایجپٹ (مصر)، زین اومان انٹرنیشنل ( زیڈ او آئی)، الجیری ٹیلی کام، ٹیلی یمن اور دیگر عالمی سروس فراہم کنندگان شامل ہیں۔ یہ کیبل سسٹم 10,000 کلومیٹر پر محیط ہے اور اس میں جدید ترین ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔ یہ نظام پاکستان کو اسٹریٹجک اہمیت کے حامل مقامات سے جوڑے گا، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، سوڈان، الجیریا، فرانس، کینیا، اور جبوتی شامل ہیں ۔ یہ کیبل مصری شاہ، ڈی ایچ اے، فیز ۔۶،کراچی میں پی ٹی سی ایل ایکسچینج سے منسلک ہوگی، اور اس سے عالمی ڈیجیٹل نیٹ ورک میں پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوگا۔
سید محمد شعیب، گروپ نائب صدر، انٹرنیشنل بزنس، پی ٹی سی ایل نے اس شراکت داری کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ''پی ٹی سی ایل کو افریقہ-1 کیبل سسٹم کنسورشیم کا حصہ بننے پر فخر ہے۔ یہ شراکت پاکستان کے 'ڈیجیٹل وژن 2030' کے عین مطابق ہے اور ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کر کے لوگوں کو بااختیار بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پی ٹی سی ایل اہم بین الاقوامی مراکز سے مضبوط اور قابل اعتماد روابط قائم کر کے تیز رفتار اور عالمی معیار کی انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے کا عزم رکھتا ہے، جس سے مختلف شعبوں میں جدت کو فروغ ملے گا اور عالمی معیشت میں پاکستان کی حیثیت مزید مضبوط ہو گی۔''
افریقہ-1 کیبل سسٹم کی تکمیل 2026 کے اوائل میں متوقع ہے۔ فعال ہونے کے بعد یہ پی ٹی سی ایل کی صلاحیت کو مزید بہتر بنائے گی، تاکہ عالمی معیار کی قابل اعتماد انٹرنیٹ خدمات فراہم کی جا سکیں، جس سے پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر ایک ترجیحی ٹیلی کام آپریٹر کے طور پر کمپنی کو مزید استحکام ملے گا۔
ایک تبصرہ شائع کریں