پی ٹی سی ایل گروپ نے مستحکم مالیاتی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آمدن میں 17 فیصد کا اضافہ کرلیا

اسلام آباد: ملک میں ٹیلی کام اور آئی سی ٹی سروسز فراہم کرنے والے صفِ اول کے ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے  31دسمبر 2024 کو اختتام پذیر ہونے والے مالی سال 2024 کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان اسلام آباد میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے مالی سال 2024 کے دوران اپنی آمدن میں 17 فیصد کی شاندار شرحِ نمو حاصل کی۔ اس مضبوط کارکردگی سے پاکستان کے صف اول کے مربوط ٹیلی کام ادارے کے طور پر گروپ کی حیثیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ:

پی ٹی سی ایل گروپ نے 219.7 ارب روپے کی آمدن حاصل کی، جو کہ فکسڈ براڈ بینڈ اور موبائل ڈیٹا، ہول سیل اوربزنس سلوشنز سمیت صارفین کے مختلف شعبوں میں مضبوط ترقی کو ظاہر کرتی ہے۔
پی ٹی سی ایل نے اپنی آمدن میں 12 فیصد سالانہ اضافہ کرکے اپنی ترقی کا سفر جاری رکھا۔

یوفون (پی ٹی ایم ایل) نے اپنی آمدن میں سال بہ سال 25 فیصد کا اضافہ کیا۔

گزشتہ چند سالوں میں مسلسل مضبوط ٹاپ لائن نمو اور لاگت میں کمی کی تدابیر نے یوفون کو دوبارہ مثبت آپریٹنگ منافع حاصل کرنے میں مدد دی ہے، جس کے نتیجے میں آمدن قبل ازسود و ٹیکس ( ای۔ بی۔ آئی ۔ٹی) مستحکم ہو کر 4.6 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

یو مائیکروفنانس بینک (یو بینک) کو کیمبرج آئی ایف اے کے زیر اہتمام 10ویں اسلامک ریٹیل بینکنگ ایوارڈز (آئی آر بی اے) میں پاکستان میں اسلامی ریٹیل بینکاری خدمات کے لیے بہترین مائیکروفنانس بینک کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

دسمبر 2023 میں پی ٹی سی ایل کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے 100 فیصد حصص کے حصول کے لیے ایس پی اے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کی تکمیل کا انحصار ریگولیٹری منظوریوں کے ساتھ ساتھ روایتی شرائط و ضوابط پر ہے اور توقع ہے کہ یہ 2025 کی پہلی ششماہی میں مکمل ہو جائے گا۔

پی ٹی سی ایل کی 2024 میں شاندار کارکردگی:

سال 2024 میں پی ٹی سی ایل کی آمدن بڑھ 107.7 ارب روپے تک پہنچی، جو 2023 کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے، جس کی بنیادی وجہ فکسڈ لائن، و ہول سیل، اور بزنس سلوشنز کے شعبوں میں شاندار ترقی ہے۔
پی ٹی سی ایل کی معیاری ایف ٹی ٹی ایچ سروس، 'فلیش فائبر'سال 2024 میں مارکیٹ پر حاوی رہی اور شعبے کے نیٹ ایڈز کی معقول حصہ دار رہی ۔
کمپنی نے 12.2 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 55 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 2024 کے دوران 4.8 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا۔
پی ٹی سی ایل کے جارحانہ ایف ٹی ٹی ایچ توسیعی منصوبے نے اس کی نمایاں شرحِ نمو کو تقویت دی۔ گزشتہ سال کی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی سی ایل نے اپنے فلیگ شپ ایف ٹی ٹی ایچ برانڈ ''فلیش فائبر'' کے ذریعے تیز ترین اور قابل اعتماد انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کو ترجیح دی۔ صارفین کی بہتری اور آسانی کو اولیت دینے کی حکمت عملی نے مارکیٹ میں پی ٹی سی ایل کی قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کیا، جس سےکمپنی کو ایف ٹی ٹی ایچ شعبے کے اکثریتی نیٹ ایڈز (انڈسٹری کے تقریباً 50 فیصد) حصص حاصل کرنے میں مدد ملی۔ کمپنی کے فکسڈ براڈبینڈ کاروبار نے 20 فیصد جبکہ فلیش فائبر نے غیرمعمولی 104 فیصد سال بہ سال نموحاصل کی۔ فلیش فائبر کے اس وقت تقریباً 650ہزار صارفین ہیں، جبکہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے ایف ٹی ٹی ایچ کے جارحانہ توسیعی منصوبوں کے شاندار نتائج موصول ہوئے ہیں، جن کی بدولت کمپنی کی اس شعبے میں قائدانہ حیثیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔

سال 2024 کے دوران گروپ نے مختلف جدید خدمات اور مصنوعات متعارف کرائیں :

شوق ٹی وی باکس: گوگل کے اینڈرائیڈ ٹی وی پر مشتمل شوق ٹی وی باکس خبریں اور تفریحی پروگرام دیکھنے کے تجربے کو جدت دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، اور مستقبل کے ٹی وی تجربات سے ہم آہنگ ہے۔
فلیش آئی: فلیش فائبر صارفین کے لیے ایچ ڈی آئی پی کیمرے پر مبنی ایک اسمارٹ سیکیورٹی سہولت ہے۔
واٹس ایپ بوٹ: صارفین کے لیے شکایات درج کرنے، بلنگ کی تفصیلات حاصل کرنے، اسپیڈ بولٹ آن مینجمنٹ، ٹیکس سرٹیفکیٹ اور پروڈکٹ انفارمیشن کے لیے ایک خودکار پلیٹ فارم ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ بزنس سلوشنز کی نمایاں کامیابیاں:

سال 2024 میں پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنے جدید ترین ڈیٹا سینٹرز اور پبلک کلاؤڈ پلیٹ فارمز (IaaS, PaaS, SaaS) کو قابل ِ ذکر وسعت دے کر پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے علم بردار کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کی۔ کمپنی نے اپنی انٹرپرائز سروسز کو بہتر بنایا اور اپنے مضبوط ملک گیر انفراسٹرکچر کے ذریعے سرکاری، عوامی و نجی اداروں، بڑے بینکوں، اسٹارٹ اپس، اور سسٹم انٹیگریٹرز سمیت مختلف کاروباری صارفین کو محفوظ، اسکیل ایبل اور مؤثر ملٹی کلاؤڈ سلوشنز فراہم کیے۔ پی ٹی سی ایل کے جدید ترین ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ پلیٹ فارمز کمپنی کی جانب سے جدت کے فروغ کے عزم کا عملی اظہار ہیں، جنہوں نے بلاتعطل کنیکٹیویٹی، مضبوط ڈیٹا سیکیورٹی، تیز ترین پروسیسنگ رفتار، اور قابل اعتماد ڈیزاسٹر ریکوری سلوشنز کی دستیابی کو یقینی بنایا۔

یوفون4G کی شاندار کارکردگی:

یوفون 4G نے 2024 میں ٹاپ لائن میں سالانہ 25فیصد نمو حاصل کی، جو مختلف شعبوں میں غیر معمولی استحکام اور مضبوط کارکردگی کا مظہر ہے۔ یہ ترقی بہتر صارف تجربے اور ڈیجیٹل رابطہ کاری کے باعث ممکن ہوئی، جہاں ڈیٹا پر مبنی مصنوعات اور معروف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری نے ڈیجیٹل رابطہ کاری کو مزید مستحکم کیا۔ یوفون 4G کی شاندار ترقی صارفین کے تجربے اور ڈیجیٹل جدت طرازی سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔یوفون نے 2024 میں نہایت تیز رفتار ترقی کے ذریعے اپنے صارفین کی مجموعی تعداد 26 ملین جبکہ 4G صارفین کی تعداد 17 ملین تک بڑھائی۔

علاوہ ازیں، یوفون4G جدید ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) کو اپنی کلیدی ڈیجیٹل مصنوعات میں ضم کرکے ڈیجیٹل منظرنامے میں انقلاب برپا کر رہا ہے۔ گو لوٹ لو(Go Loot Lo) ، وعدہ، شوق، اور یوکلاؤڈ جیسی سروسز کی شمولیت سے یوفون کے صارفین کو ایک جامع اور بہتر تجربہ حاصل ہوا ہے۔

یوفون نے 2024 میں جدید ترین مصنوعات اور خدمات کے ذریعے صارفین کے تجربے کو مزید تقویت دی:

-          ڈیٹا رومنگ آفر: یوفون 4G نے حج اور عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے والے پری پیڈ صارفین کے لیے ایک خصوصی ڈیٹا رومنگ آفر متعارف کروائی، جو وزارت مذہبی امور کے تعاون سے پیش کی گئی۔

-          روم لائک ہوم: یوفون نے ایک جدید بین الاقوامی رومنگ سروس متعارف کرائی، جو 27 مشہور مقامات پر بغیر کسی رکاوٹ کے ڈیٹا اور وائس کنیکٹیویٹی فراہم کرتی ہے۔ یہ سروس صارفین کو سفری اخراجات کی فکر کیے بغیر بیرون ملک رابطے میں رہنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

-          پی ٹی ایم ایل کا ڈیجیٹل برانڈ، اونک (ONIC) ایک حقیقی ڈیجیٹل برانڈ کی حیثیت سے روایتی ٹیلی کام تجربات میں انقلابی تبدیلیاں کر رہا ہے۔ اس کی نمایاں کامیابیاں حسبِ ذیل ہیں:

§         صارفین کی تعداد میں3 گنا اضافہ

§         آمدن میں 7 گنا اضافہ

§         2024 میں 40+ فیچر اپڈیٹس اور بہتری

-          پی ٹی سی ایل گروپ کی موبائل مالیاتی خدمات نے نینو لینڈنگ اور ماسٹر کارڈ کے اجراء کے ساتھ نمایاں ترقی کی، جس کے نتیجے میں لین دین میں تقریباً 75 فیصد اضافہ ہوا۔ اس جدید اقدام نے موبائل فنانشل سروسز کے ماہانہ فعال صارفین (MFS MAUs) میں بھی دو گنا اضافہ یقینی بنایا۔

-          پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G نے ایک نئی ڈیجیٹل ایپلی کیشن 'UPTCL'متعارف کرائی، تاکہ پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کے صارفین کے لیے استعمال اور صارف تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔ یہ جدید ایپ پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کی مصنوعات اور خدمات کے ایکو سسٹم کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ضم کرتی ہے، تاکہ صارفین کو بے مثال سہولت اور آسانی فراہم کی جا سکے۔

سال 2024 میں پی ٹی سی ایل گروپ نے کئی معتبر ایوارڈز اپنے نام کیے، جس سے پاکستان کے نمایاں ترین ٹیلی کام اور آئی سی ٹی سروسز فراہم کنندہ کے طور پر کمپنی کی حیثیت کو مزید استحکام حاصل ہوا۔

-          جی ایس ایم اے گلوبل موبائل (GLOMO) ایوارڈ: پی ٹی سی ایل گروپ کی ذیلی کمپنی، یوفون 4G نے اپنے جدید مائیکروویو نیٹ ورک سلوشن کے لیے 'ابھرتی ہوئی مارکیٹس کے لیے بہترین موبائل انوویشن' کا ایوارڈ حاصل کیا۔

-          SAMENA ٹیلی کمیونیکیشنز کونسل کے لیڈرشپ اینڈ ایکسی لینس ایوارڈز (LEAD) میں پی ٹی سی ایل گروپ کو 'بہترین کاروباری حکمت عملی اور توسیع' کا اعزاز دیا گیا۔

-          بلیک ڈریگن ایوارڈ برائے بہترین ڈیجیٹل مہم: یوفون و زلمی – ''ڈیٹا بہت ہے''۔

-          بلیک ڈریگن ایوارڈ برائے ''ڈیٹا بہت ہے'' ۔ 'شوق' کے ساتھ انضمام۔

سال 2024 برانڈ کے لیے ایک یادگار سال ثابت ہوا، کیونکہ پی ٹی سی ایل گروپ نے قومی کھیلوں کے مایہ ناز کھلاڑیوں اور ٹیموں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے تاریخی سنگ میل عبور کیے۔ نمایاں پہلو یہ رہے:

''ڈیٹا بہت ہے'' مہم کے ذریعے 4G منظرنامے میں اپنی برتری برقرار رکھی، جس سے یوفون 4G کی ڈیجیٹل دنیا میں قوت اجاگر ہوئی۔
پاکستانی جیولن اسٹار، ارشد ندیم کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا، جنہوں نے پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ شراکت داری کی، جس کا مقصد قومی کھیل اورقومی احساسِ تفاخر کا فروغ، اور عالمی سطح پر پاکستان کی مہارت کو اجاگر کرنا تھا۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے 'دل سے' کے نام سے اپنا خصوصی سوشل امپیکٹ پلیٹ فارم متعارف کرایا، جس کے تحت تمام سماجی خدمت کے اقدامات کو ایک ہی چھت تلے یکجا کیا گیا۔ اس پلیٹ فارم کا فلیگ شپ منصوبہ 'بااختیار' پاکستان پاورٹی ایلیوییشن فنڈ (PPAF) کے اشتراک سے شروع کیا گیا، جس کا مقصد ہری پور میں کاروباری خواتین کو ضروری مہارتوں اور ڈیجیٹل ٹولز سے آراستہ کرنا تھا تاکہ وہ اپنے کاروبار قائم کرسکیں اور انہیں وسعت دے سکیں۔ اس منصوبے کے تحت خواتین کو سلائی کڑھائی کی پیشہ ورانہ تربیت، ایک سال کے لیے مفت ڈیٹا، اور اسمارٹ فونزکے ساتھ ساتھ یوپیسہ والٹ اکاؤنٹس کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خواندگی کی تربیت دی گئی۔ مزید برآں، دراز (Daraz) نے ای کامرس کی تربیت فراہم کی، جس سے ان خواتین کو اپنے آن لائن کاروبار کامیابی سے شروع کرنے اور چلانے کا موقع ملا۔ اس پروگرام کی دو نمایاں کاروباری خواتین کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں دبئی میں GITEX Global میں شرکت کا موقع دیا گیا، جہاں انہوں نے اپنی کامیابی کے سفر کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اجاگر کیا اور بھرپور پذیرائی حاصل کی۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے 'کار ِ ہمدردی' (An Act of Kindness) مہم کا آغاز کیا، جس کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ چھوٹے اقدامات بھی لوگوں کی زندگیوں اور معاشرے پر دیرپا مثبت اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ اس مہم کے تحت پی ٹی سی ایل گروپ نے کراچی سے عید پر اپنے گھروں کی طرف سفر کرنے والے مسافروں کو ریل گاڑی کی مفت ٹکٹیں اور عید کے تحائف فراہم کیے، راولپنڈی میں یونیورسٹی جانے والی طالبات کے لیے ای ۔بائیکس مہیا کیں، اور عمرکوٹ، تھر میں 15,000 مقامی افراد کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہینڈ پمپس نصب کیے۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے جی ایس ایم اے کے ایک لاکھ نوے ہزار پاؤنڈ کے منصوبے کے تحت کنکٹ ہیئر (ConnectHear) کے ساتھ شراکت داری قائم کی، جس کا مقصد پاکستان میں قدرتی آفات کے دوران سماعت سے محروم افراد کی مدد کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت ایک جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی آفات سے قبل خبردار کرنے والا نظام تیار کیا جا رہا ہے، جو قدرتی آفات کے دوران سماعت سے محروم افراد کو بروقت اور مؤثر وارننگ فراہم کر کے ان کی حفاظت اور تیاری کو یقینی بنائے گا۔

اپنی شمولیتی پالیسی کے تحت پی ٹی سی ایل گروپ نے پشاور زلمی کے ساتھ شراکت داری قائم کی اورصوبہ خیبرپختونخوا میں پہلی بار خواتین کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ایونٹ علاقے میں خواتین کو بااختیار بنانے اور کھیلوں میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے ایک نمایاں اقدام تھا۔

مزید برآں، پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کے تعاون سے گوادر میں سیلاب کے دوران پانی کا پمپ نصب کیا، جس سے مقامی افراد کو صاف پانی فراہم کیا گیا۔ اس کے علاوہ، گروپ نے خون عطیہ کرنے والوں کے عالمی دن (ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے) 2024 پر اپنی سالانہ خون کے عطیہ کی مہم کا انعقاد کیا، جو ملک کی صحت عامہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوئی۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پسماندہ طبقے کے پرائمری اسکول کے طلبہ میں اسکول بیگز اور تعلیمی سامان تقسیم کیا، تاکہ معیاری تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔ عوامی صحت کے فروغ کے اپنے عزم کے تحت پی ٹی سی ایل گروپ نے یونیسف اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی) کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمے کی مہم میں حصہ لیا، جس میں یوفون کے وسیع نیٹ ورک کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو اس مہم سے آگاہ کیا گیا اور انہیں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ترغیب دی گئی۔


0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی