پی ٹی سی ایل گروپ اور پنک کالر کی جانب سے خواتین کیلئے خصوصی کیرئیر فیئر کا انعقاد

کراچی : پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کام اور آئی سی ٹی سروسز ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل و یوفون 4G) نے پاکستان میں خواتین کے لیے ایگزیکٹیو ملازمتوں کے حصول کے منفرد و مخصوص پلیٹ فارم، پنک کالر (Pink Collar) کے ساتھ اشتراک قائم کیا ہے، جس کی قیادت کامیاب کاروباری شخصیت اور پاکستان کی نمایاں ریکروٹر، زارا صاعقہ علی کرتی ہیں۔ اس اشتراک کا مقصد لاہور میں پنک کالر ویمن کیرئیر فیئر کا کامیابی سے انعقاد کرنا تھا، تاکہ پاکستانی خواتین کے لیے ٹیلنٹ اور مواقع کے درمیان حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ یہ قدم شمولیت کے فروغ اور پاکستان کی تیزی سے اُبھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں خواتین کا کردار بڑھانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔

اس کیرئیر فیئر میں ملک کے معروف اداروں نے شرکت کی، جس سے خواتین کو روزگار کے مواقع تلاش کرنے، پیشہ ورانہ ترقی سے متعلق آگاہی حاصل کرنے، اور نجی شعبے کی نمایاں کمپنیوں سے رابطہ کرنے کا منفرد موقع ملا۔ اس تقریب نے پی ٹی سی ایل گروپ اور پنک کالر کی جانب سے خواتین کو مالی خودمختاری اور پیشہ ورانہ ترقی کے ذریعے بااختیار بنانے کیمشترکہ وژن کو اجاگر کیا۔

پی ٹی سی ایل گروپ اور پنک کالر کی جانب سے خواتین کیلئے خصوصی کیرئیر فیئر کا انعقاد

پی ٹی سی ایل گروپ کی خواتین کو بااختیار بنانے کی مہم 'دل سے بااختیار' کو اس موقع پر نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ یہ اقدام خواتین کاروباری افراد کو ڈیجیٹل وسائل مہیا کرنے اور انہیں اپنے آن لائن کاروبار شروع کرنے اور انہیں ترقی دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ بااختیار پروگرام کے تحت تربیت یافتہ خواتین کاروباری افراد نے اس فیئر میں اپنی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کیں، جس سے دیگر خواتین کو بھی ان کے نقشِ قدم پر چلنے، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب ملی۔

گروپ چیف کمرشل آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون4G، سید عاطف رضا نے تقریب سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے ملکی افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، "خواتین کو بااختیار بنانا محض ایک اخلاقی فریضہ نہیں بلکہ ہماری معیشت اور معاشرتی ترقی کی اہم ضرورت بھی ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ خواتین کو ان کی مالی شمولیت اور سماجی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ پی پی اے ایف کے ساتھ مل کر 'بااختیار'پروگرام متعارف کرانے اور پاکستان کے پہلے خواتین جاب فیئر کے انعقاد کے لیے پنک کالر کے ساتھ اشتراک ہمارے اس دیرنہ عزم کا واضح ثبوت ہیں، جو آئندہ مزید مؤثر اقدامات کی صورت میں جاری رہے گا۔"

پنک کالر نے اس موقع پر پاکستان کا پہلا خواتین کے لیے مخصوص آن لائن جاب پورٹل بھی متعارف کرایا، جو خواتین کو کیریئر کے وسیع مواقع تک رسائی فراہم کرے گا۔ اس پورٹل کا مقصد خواتین کیلئے ملازمتوں کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنا اور زیادہ سے زیادہ شمولیتی مواقع پیدا کرنا ہے، تاکہ وہ پیشہ ورانہ طور پر ترقی کر سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، پنک کالر کی سی ای او، زارا صاعقہ علی نے کہا، "پنک کالر پاکستان کا پہلا ایسا پلیٹ فارم ہے جو خواتین، بشمول خصوصی افراد، کو روزگار کی فراہمی، تربیت، اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ میں مہارت رکھتا ہے۔ ہمارا عزم خواتین کو پیشہ ورانہ کیرئیر اپنانے کی ترغیب دینا، انہیں ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا اور ان کی خود اعتمادی میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ وہ قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارا نیا آن لائن پورٹل مثبت تبدیلی لا کر تمام شعبوں میں صنفی برابری کے فروغ میں مدد دے گا۔"

پنک کالر ویمن کیرئیر فیئر خواتین کے لیے پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں مشترکہ کوششوں کی افادیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ نہ صرف شمولیت کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے بلکہ اس امر پر بھی روشنی ڈالتا ہے کہ خواتین پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی تشکیل میں کس قدر کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ پی ٹی سی ایل گروپ اور پنک کالر مل کر ملک بھر میں خواتین کے لیے ایک روشن اور بااختیار مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ اختتام

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی