کراچی: گرین وچ یونیورسٹی نے مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (MAP) اور زینتھ پبلک ریلیشنز (XPR) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت پاکستانی طلبہ اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے خصوصی ڈپلومہ کورسز تیار کیے جائیں گے۔ یہ منفرد سہ فریقی اشتراک جو ایک یونیورسٹی، ایک مینجمنٹ ایسوسی ایشن اور ایک کمیونیکیشن فرم کے درمیان ہوا ہے کا مقصد طلبہ کو مارکیٹ کی ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا، صنعتی خلا کو پُر کرنا اور تعلیمی و کاروباری شعبے کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں گرین وچ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر سیما مغل، مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر سینیٹر سرمد علی اور زینتھ پی آر کی چیئرپرسن زینب انصاری موجود تھے۔
اس موقع پر سینیٹر سرمد علی نے کہا، "ہم زینتھ پی آر اور گرین وچ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پاکستان میں مینجمنٹ پروفیشنلز کے لیے خصوصی ڈپلومہ کورسز متعارف کرانے پر خوش ہیں، جو پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور ہمارے وژن 'بہترین مینجمنٹ پریکٹسز کی جانب تبدیلی کے عمل کی قیادت' کے مطابق ہے۔"
ڈاکٹر سیما مغل نے اس تعاون کو پاکستان میں تعلیمی اصلاحات کے لیے اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا، "مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور زینتھ پی آر کے ساتھ ہمارا اشتراک تعلیمی اور صنعتی مہارتوں کے درمیان خلا کو پُر کرنے میں مدد دے گا۔ ہمارا مشترکہ ہدف طلبہ کو ایسی تربیت فراہم کرنا ہے جو عملی دنیا کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔"
زینب انصاری، چیئرپرسن زینتھ پبلک ریلیشنز، نے اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "میں نے کئی سال اس بات پر قائل کرنے میں گزارے کہ بڑی یونیورسٹیاں اپنے نصاب میں پبلک ریلیشنز/کمیونیکیشنز کا شعبہ شامل کریں، جہاں انڈسٹری کے ماہرین اور اسپیشلسٹ اپنے عملی تجربات اور مہارت ان طلبہ کے ساتھ شیئر کر سکیں جو اس پیشے کو اپنانا چاہتے ہیں۔ مجھے بے حد خوشی ہے کہ گرین وچ، جو ایک ترقی پسند ادارہ ہے، نے یہ قدم اٹھایا ہے اور ہم اس کوشش میں ان کے ساتھ شراکت داری کے لیے نہایت پُرجوش ہیں۔"
یہ اشتراک عملی اور صنعتی بنیادوں پر مبنی تعلیم پر مرکوز ہوگا تاکہ طلبہ کو وہ تجربہ فراہم کیا جا سکے جو انہیں تیزی سے بدلتے ہوئے کمیونیکیشن سیکٹر میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل بنائے۔
زینتھ پی آر کے سی ای او راحیل نبی نے کہا، "بطور PR اور کمیونیکیشنز ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ کے علمبردار ہم اس صنعت کے مستقبل کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں۔ طلبہ کو درست مہارتوں سے آراستہ کرنا مستقبل کے لیڈرز بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ یہ اشتراک پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالا مال افراد تیار کرے گا جو نہ صرف ہماری انڈسٹری بلکہ پاکستان کے وسیع تر کارپوریٹ سیکٹر کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ ہم مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور گرین وچ یونیورسٹی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ مل کر وہ مہارتیں فراہم کرنے میں مدد کی، جو عام طور پر ملازمت کے دوران سیکھی جاتی ہیں۔"
یہ اقدام مستقبل میں تعلیمی و کاروباری شعبے کے مزید اشتراکات کی راہ ہموار کرے گا تاکہ گریجویٹز عملی زندگی میں داخل ہوتے ہی کارپوریٹ دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔
ایک تبصرہ شائع کریں