افیوسک اسپاٹیفائی کے ریڈار پاکستان پروگرام کی تیسری سہ ماہی کے لئے منتخب



کراچی : اسپاٹیفائی کے پلیٹ فارم ریڈار پاکستان نے اس سہ ماہی کے لیے افیوسک (Afusic) کو فیچرڈ آرٹسٹ کے طور پر منتخب کر لیا ہے، افیوسک پاکستان کی انڈی میوزک کے ابھرتے ہوئے گلوکار ہیں۔ افیوسک کو یہ اعزاز ملنے کے ساتھ ساتھ اسپاٹیفائی کی مشہور پلے لسٹ ''ریڈار پاکستان'' میں ان کا وائرل گانا ''پل پل'' بھی شامل کیا گیا ہے، جو ان کے موسیقی کے سفر کا ایک بڑا سنگِ میل ہے۔

افیوسک کا اصل نام عفّان خان ہے اور وہ 2020 سے موسیقی کی دنیا میں سرگرم ہیں۔ اپنے والد جمیل خان سے ملنے والی ابتدائی حوصلہ افزائی نے انہیں موسیقی کی راہ پر گامزن کیا۔ بہت کم عرصے میں افیوسک نے جنوبی ایشیائی موسیقی کو جدید ہپ ہاپ اور پاپ کے رنگ میں ڈھال کر اپنے لیے ایک منفرد مقام بنایا ہے۔ اسپاٹیفائی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بھی ان کی موسیقی کی مقبولیت واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے، جس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ 17 فروری کو فریش فائنڈز پاکستان کی پلے لسٹ میں پہلی بار آنے کے بعد ان کے سامعین کی تعداد میں 440,000فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔



اپریل 2025 سے اب تک افیوسک کے سامعین کی تعداد 1,200 فیصد سے زائد بڑھ گئی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی موسیقی کو نہ صرف سنا جا رہا ہے بلکہ اسے پسند بھی کیا جارہا ہے۔ اب تک ان کے گانے تقریباً 270,000 پلے لسٹس میں شامل ہو چکے ہیں،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی مقبولیت پاکستان سے نکل کر مختلف ممالک میں پھیل چکی ہے۔ گزشتہ 28 دنوں میں ان کے عالمی سامعین کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی موسیقی نوجوان طبقے میں خاص طور پر مقبول ہے۔ سامعین میں 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین شامل ہیں، جن میں 18 سے 24 سال کی عمر کے افراد سب سے زیادہ ہیں، اور انکے بعد 25 سے 34 سال کی عمر کے افراد انکے سامعین ہیں۔

اسپاٹیفائی کے فریش فائنڈز پروگرام سے لیکر ریڈار پاکستان پروگرام تک کے کامیاب سفر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے افیوسک نے کہا، ''اسپاٹیفائی کے ریڈار پاکستان کا آرٹسٹ بننا میری زندگی کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔ ریڈار ایک غیرمعمولی پلیٹ فارم ہے اور نئے گلوکاروں کے لیے امید کی ایک کرن ہے، جو نہ صرف ہمیں نئے سامعین تک رسائی کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ پرستاروں کو یہ بھی جاننے دیتا ہے کہ اس میوزک کے خالق کون ہیں۔ اس عزت افزائی پر اسپاٹیفائی کا بے حد مشکور ہوں۔ پل پل گیت کا 'فریش فائنڈز' سے لے کر 'ہاٹ ہٹس پاکستان' پلے لسٹس تک کا سفر نہایت کامیاب رہا ہے۔''

اسپاٹیفائی کا ریڈارپروگرام دنیا بھر کے نئے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان گلوکاروں کو مارکیٹنگ، ایڈیٹوریل پلیسمنٹ اور مداحوں کے ساتھ جڑنے کے مختلف مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے کیریئر کو نئی بلندیوں تک لے جا سکیں۔ افیوسک کی ریڈار پروگرام میں شمولیت اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں میوزک کا منظرنامہ مثبت انداز سے آگے بڑھ رہا ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی